آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری، ون ڈے بیٹرز میں بابر اعظم نویں نمبر پر آگئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بین الاقوامی کرکٹ کے مختلف فارمیٹس میں کھلاڑیوں کی تازہ درجہ بندی جاری کردی ہے، جس کے مطابق ون ڈے کرکٹ کے ابتدائی 5 بہترین بلے بازوں میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی جگہ نہیں بنا سکا، جبکہ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم 2 درجے تنزلی کے بعد نویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔
ون ڈے بلے بازوں کی درجہ بندی میں بھارت کے شبمن گل بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسری اور بھارتی بلے باز ویرات کوہلی تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔ بابر اعظم کی تنزلی کے باعث وہ ابتدائی 5 بلے بازوں کی فہرست سے مزید نیچے چلے گئے ہیں۔
ون ڈے بولرز کی درجہ بندی میں افغانستان کے راشد خان نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج ایک درجہ ترقی کرکے دوسرے نمبر پر آگئے، جبکہ پاکستان کے ابرار احمد ایک درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے 2 درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے چھٹی پوزیشن سنبھال لی، تاہم حارث رؤف کی درجہ بندی میں 9 درجے کمی ہوئی اور وہ 29ویں نمبر پر آگئے۔
ٹیسٹ کرکٹ کی درجہ بندی میں جنوبی افریقا کے مارکو جینسن نے نمایاں اعزاز حاصل کرتے ہوئے ٹیسٹ بولرز اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔ ٹیسٹ بلے بازوں میں انگلینڈ کے ہیری بروک پہلے اور جو روٹ دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے 4 درجے ترقی کرکے دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ کے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں بھارت کے ابھیشیک شرما پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے بھی نمایاں مقام برقرار رکھتے ہوئے دوسری پوزیشن سنبھال رکھی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت