اسپین میں دو تیز رفتار ٹرینوں کا تصادم، 46 افراد ہلاک ہوگئے

بارسلونا: اسپین میں 2 تیز رفتار ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 46 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ہسپانوی ریلوے آپریٹر کا کہنا ہے کہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کے کچھ دیر بعد پیش آیا، جب ایک تیز رفتار ٹرین اسی پٹری پر اپنے آگے چلنے والی دوسری ٹرین کے پچھلے حصے سے جا ٹکرائی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ ٹرین کی 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد ہسپانوی حکام نے میڈرڈ سے جنوبی علاقے اندلس جانے والی ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی۔ اس اقدام کے باعث متاثرہ راستے پر ریل سروس روک دی گئی جبکہ حکام حادثے کی وجوہات معلوم کرنے میں مصروف ہیں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں پٹری سے اتری ہوئی بوگی، ریلوے لائن کے اطراف بکھرا ملبہ، ٹوٹے ہوئے حصے اور مڑی ہوئی دھاتی چادریں دیکھی جاسکتی ہیں، جو تصادم کی شدت کو ظاہر کرتی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ حادثے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں تاکہ تصادم کی وجوہات اور اس کے ذمہ دار عوامل کا تعین کیا جاسکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت