بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

کراچی میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ نزلہ زکام کے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی

قومی خبریں
کراچی میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ نزلہ زکام کے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی

کراچی: موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی شہر کے سرکاری اسپتالوں میں نزلہ زکام کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ جناح اسپتال میں اب روزانہ 70 سے 80 مریض علاج کے لیے پہنچ رہے ہیں جبکہ اس سے قبل یہ تعداد 40 سے 50 کے درمیان تھی۔ اسی طرح سول اسپتال میں بھی نزلہ زکام کے یومیہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 30 سے 40 ہوگئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جناح اسپتال کے شعبۂ ہنگامی طبی امداد کے انچارج ڈاکٹر عرفان نے بتایا کہ موسم کی تبدیلی کے بعد نزلہ زکام میں مبتلا افراد کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔ پہلے اسپتال میں روزانہ 40 سے 50 مریض رپورٹ ہوتے تھے، تاہم اب یہ تعداد بڑھ کر 70 سے 80 تک پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب سول اسپتال میں بھی یہی صورت حال دیکھنے میں آرہی ہے، جہاں پہلے روزانہ 15 سے 20 افراد نزلہ زکام کی شکایت کے ساتھ آتے تھے، لیکن اب مریضوں کی تعداد 30 سے 40 ہوگئی ہے۔ دونوں اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے موسم کی تبدیلی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اہمیت کو اجاگر کردیا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق موسمی تبدیلی نزلہ زکام کے کیسز میں اضافے کی اہم وجوہات میں شامل ہے، تاہم بچوں، بزرگوں اور ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کو اس قسم کے انفیکشن سے زیادہ خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ ان افراد کو اپنی صحت کے حوالے سے خصوصی احتیاط برتنے اور علامات ظاہر ہونے کی صورت میں بروقت طبی مشورہ لینے کی ضرورت ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو فلو سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوانے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ تاہم ان کے مطابق فلو کی ویکسین سرکاری سطح پر دستیاب نہیں، اس لیے شہری اس کے حصول کے لیے دستیابی کے متعلق معلومات حاصل کریں۔

طبی ماہرین نے مزید ہدایت کی ہے کہ شہری رش والی جگہوں پر ماسک استعمال کریں اور موسمی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ بالخصوص بچوں، بزرگوں اور کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد کی صحت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ بیماری سے لاحق پیچیدگیوں کے خطرے کو کم کیا جاسکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت