بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

سونا عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں مزید مہنگا ہوگیا، فی تولہ قیمت کتنی ہوگئی؟

قومی خبریں
سونا عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں مزید مہنگا ہوگیا، فی تولہ قیمت کتنی ہوگئی؟

عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں آج 3,500 روپے کا زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد سونا مقامی سطح پر تاریخ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گیا ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے یعنی بدھ کے روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا مزید مہنگا ہو گیا، جس کے بعد سونے کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز ملک میں 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونا 3,500 روپے مہنگا ہوا ہے، جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 25 ہزار 636 روپے ہو گئی ہے، یہ اضافہ ایک ہی دن میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں تبدیلی کے طور پر دیکھا جارہا ہے، جس سے عام صارفین کے لیے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 3,001 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 64 ہزار 914 روپے ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بین اقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 35 ڈالر سے برھ کر 4,031 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آج چاندی کی فی تولہ قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، فی تولہ چاندی کی قیمت 61 روپے کے اضافے کے بعد 5 ہزار 854 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 52 بڑھ کر 5 ہزار 018 روپے ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز (منگال کے دن) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1,300 روپے کی بڑی کمی ہوئی تھی جبکہ عالمی منڈی میں سونا فی اونس 13 ڈالر سستا ہوا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت