بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 9 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی کامیاب کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع کچھی میں سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ایک خفیہ ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کر دیا ہے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 7 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔
ضلع وڈھ میں دوسری کارروائی کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو ناکام بناتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا۔ اس آپریشن میں بھی بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لیا گیا جس سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ فورسز وہاں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے باقی ماندہ خطرے کو ختم کیا جا سکے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
یہ کارروائیاں قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ عزمِ استحکام وژن کا حصہ ہیں۔ سیکیورٹی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے محکمے ملک سے بیرونی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی انسداد دہشت گردی مہم کو پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حکومت اور سیکیورٹی ادارے بلوچستان میں بیرونی مداخلت اور تخریب کاری کے خلاف پرعزم ہیں۔ اس طرح کے مربوط آپریشنز کا مقصد خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنانا ہے۔ فورسز کا عزم ہے کہ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ہر صورت میں ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت