بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

آئی سی سی نے حارث رؤف اور انگلش ٹیم پر جرمانہ عائد کردیا

قومی خبریں
آئی سی سی نے حارث رؤف اور انگلش ٹیم پر جرمانہ عائد کردیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف پر جرمانہ عائد کردیا۔

کھیل سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو انگلینڈ کے خلاف میچ میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ کردیا گیا جبکہ ان کے ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

حارث رؤف پر یہ کارروائی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضابطۂ اخلاق کی پہلی سطح کی خلاف ورزی پر کی گئی۔ میچ کے دوران فاسٹ بولر نے وائیڈ گیند کے فیصلے پر اپیل کی، جس کے بعد انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس کے ساتھ ان کی بحث بھی ہوئی۔

اس واقعے کے نتیجے میں حارث رؤف کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کیا گیا، جس کے بعد ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد 5 ہوگئی۔ ضابطۂ اخلاق کے تحت کھلاڑیوں کو خلاف ورزیوں پر جرمانوں اور ڈی میرٹ پوائنٹس کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

دوسری جانب مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر انگلینڈ کی ٹیم پر بھی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم کو بھی میچ کے دوران سست اوور ریٹ کا مرتکب قرار دیا گیا۔ انگلش ٹیم مقررہ وقت میں 3 اوورز پیچھے رہی، جس پر اس کی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کردیا گیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت