بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

کیا روزانہ کافی پینا جسمانی ساخت کو بہتر بناتا ہے؟ ماہرین نے اہم انکشاف کیا

قومی خبریں
کیا روزانہ کافی پینا جسمانی ساخت کو بہتر بناتا ہے؟ ماہرین نے اہم انکشاف کیا

ہلسنکی: کافی کے شوقین افراد کے لیے ایک نئی سائنسی تحقیق میں خوشگوار انکشاف سامنے آیا ہے کہ اس مشروب کا متوازن استعمال جسمانی چربی کو کنٹرول کرنے اور میٹابولزم کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، جس سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

فن لینڈ کی یونیورسٹی آف اولو کے ماہرین نے 46 سالہ عمر کے 2264 افراد کے طبی ڈیٹا کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ اس طویل تحقیق کا مقصد یہ جاننا تھا کہ روزانہ کافی پینے کے انسانی جسمانی ساخت، پٹھوں کی مضبوطی اور میٹابولک عوامل پر کیا اثرات ہوتے ہیں۔

محققین نے شرکا کو کافی کے استعمال کی بنیاد پر مختلف گروپوں میں تقسیم کیا جن میں کافی نہ پینے والوں سے لے کر روزانہ 5 کپ تک پینے والے افراد شامل تھے۔ نتائج سے ثابت ہوا کہ زیادہ کافی پینے والے افراد کے جسم میں مجموعی چربی نمایاں طور پر کم تھی۔

تحقیق کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ کافی کا زیادہ استعمال کرنے والوں کے اندرونی اعضا کے گرد چربی کا تناسب کم جبکہ پٹھوں کی مقدار زیادہ تھی۔ ماہرین نے نشاندہی کی کہ ان افراد کے خون میں مخصوص امینو ایسڈز کی سطح بھی کافی متوازن رہی ہے۔

امینو ایسڈز کی کم سطح کا تعلق بہتر میٹابولزم سے ہوتا ہے، جبکہ ان کی زیادتی ٹائپ ٹو ذیابیطس اور انسولین کی حساسیت میں کمی کا سبب بن سکتی ہے۔ مردوں میں کافی کے استعمال اور گلوکوز کو کنٹرول کرنے کے نظام کے درمیان تعلق خواتین کی نسبت زیادہ واضح دیکھا گیا۔

تاہم محققین نے یہ واضح کیا کہ باڈی ماس انڈیکس اور کمر کے گھیرے میں نمایاں تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحقیق کافی اور صحت کے درمیان ایک تعلق کو ظاہر کرتی ہے، مگر یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کافی براہِ راست وزن کم کرتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج کافی کے طبی فوائد کو سمجھنے کے لیے ایک اہم پیشرفت ہیں۔ مستقبل میں مزید تحقیق سے یہ تعین کرنے میں مدد ملے گی کہ کافی میں موجود کون سے اجزاء میٹابولزم کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں تاکہ بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت