چونیاں کے اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت، آپریشن کے دوران خاتون کے پیٹ میں تولیہ رہ گیا

چونیاں: تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چونیاں کے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال میں مبینہ طبی غفلت کا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں آپریشن کے دوران خاتون کے پیٹ میں تولیہ رہ جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ متاثرہ خاتون کی طبیعت خراب ہونے پر اسے لاہور جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں الٹراساؤنڈ کے ذریعے پیٹ میں تولیہ موجود ہونے کا پتا چلا۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ لاہور جنرل اسپتال میں دوبارہ آپریشن کرکے پیٹ میں موجود تولیہ نکال دیا گیا۔ واقعے کے بعد سرکاری اسپتال میں طبی عملے کی مبینہ غفلت کا معاملہ سامنے آنے پر متعلقہ حکام نے بھی توجہ دے دی ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رپورٹ طلب کرنے کے لیے کارروائی کا نوٹس لیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت