یمن ایئر ویز کا طیارہ دوران پرواز شدید ژالہ باری کی زد میں آکر متاثر

عمان: یمن سے اردن جانے والی یمن ایئر ویز کی پرواز دورانِ سفر شدید طوفانی موسم اور ژالہ باری کا شکار ہو گئی جس سے طیارے کو کافی نقصان پہنچا۔
پائلٹ کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور حاضر دماغی نے کسی بڑے فضائی حادثے کو ہونے سے روک لیا۔
عدن سے عمان جانے والی ایئربس اے 320 نے معمول کے مطابق اپنی منزل کے لیے اڑان بھری تھی کہ اچانک موسم کی صورتحال بگڑ گئی۔ تیز ہواؤں اور شدید ژالہ باری کے سبب طیارے کے اگلے حصے اور کاک پٹ کی ونڈ شیلڈز بری طرح متاثر ہوئیں اور انہیں گہرا نقصان پہنچا۔
ایسے انتہائی مشکل اور ہنگامی حالات میں کپتان باصم فرید اور ان کی ٹیم نے جہاز پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا۔ انہوں نے بڑی احتیاط کے ساتھ طیارے کو عمان ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا، جس سے جہاز میں موجود تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کی جانیں مکمل طور پر محفوظ رہیں۔
یمن ایئر ویز کے ترجمان حاتم الشعابی نے تصدیق کی کہ اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ طیارے کو حفاظتی معائنے اور مرمتی کاموں کے لیے عمان ایئرپورٹ پر گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ تکنیکی ٹیمیں نقصان کا تخمینہ لگا کر مرمت کا عمل شروع کریں گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ مسافروں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے عمان سے عدن جانے والے افراد کے لیے متبادل طیارے کا انتظام کر لیا ہے۔ مسافروں کو جلد از جلد منزل تک پہنچانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ انہیں مزید کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حکام کی جانب سے پرواز کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مزید مؤثر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت