بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

ظالم کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا: وزیراعلیٰ پنجاب

قومی خبریں
ظالم کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا: وزیراعلیٰ پنجاب

منڈی بہاؤ الدین: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ جرائم میں ملوث کسی شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی، خواہ اس کا تعلق اپنی ہی جماعت سے کیوں نہ ہو۔ پنجاب میں اب مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونے کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی غریب کی عزت پر سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

یونیورسٹی آف رسول منڈی بہاؤ الدین میں ہونہار طلبہ میں وظائف اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت خوف کے ماحول میں نہیں چلائی جا سکتی، اس کے لیے اصول واضح اور مؤقف مضبوط ہونا چاہیے۔ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے اور کسی بھی مجرم کو اس کے اثر و رسوخ یا سیاسی وابستگی کی بنیاد پر تحفظ نہیں ملنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین پر تشدد کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل سوار خاتون پر تشدد کے معاملے میں انہوں نے متاثرہ بچی سے کہا تھا کہ ملزم نے اسے جتنے تھپڑ مارے، وہ بھی اتنے ہی تھپڑ مارے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپ پر تشدد کے واقعے میں بھی انہوں نے یہی مؤقف اختیار کیا تھا کہ ظلم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

مریم نواز نے کہا کہ ظالم خواہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، اسے قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ جرائم میں ملوث افراد اگلے ہی روز ضمانت حاصل کر لیتے ہیں، جس کے باعث متاثرین کو انصاف کی فراہمی میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑی تو وہ اس معاملے پر چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے بھی ملاقات کریں گی۔

تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے طالبات کے لیے برقی موٹر سائیکلیں اور اسکوٹیاں فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں اور اگر ان کے بس میں ہوتا تو وہ طالبات کے لیے چاند ستارے بھی لے آتیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت