پاکستان نے سلامتی کونسل میں ویٹو پاور میں توسیع کی مخالفت کردی

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ویٹو کے اختیار کو وسعت دینے کی مخالفت کرتے ہوئے جامع، جمہوری اور منصفانہ اصلاحات پر زور دیا ہے۔
پاکستان نے ویٹو کے استعمال کے بعد جنرل اسمبلی میں بحث کرانے کی حمایت کا بھی اعادہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے قونصلر گل قیصر سروانی نے کہا کہ ویٹو کے اختیار میں توسیع سے سلامتی کونسل میں عدم مساوات مزید گہری ہوگی۔ پاکستان نئے مستقل ارکان کی شمولیت اور انہیں ویٹو کا اختیار دینے کی مخالفت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ویٹو کے اختیار کے خاتمے یا اس کے استعمال پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا حامی ہے، کیونکہ اس اختیار کا ناجائز استعمال اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے۔
گل قیصر سروانی نے کہا کہ سلامتی کونسل میں منتخب ارکان کی تعداد، نمائندگی اور کردار بڑھایا جانا چاہیے۔ کونسل میں اصلاحات کے پانچوں نکات پر جامع پیکج کے تحت بیک وقت فیصلے کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات سب کے لیے یکساں ہونی چاہئیں اور کسی ملک کو خصوصی مراعات نہیں ملنی چاہئیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت