پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور ہر عالمی فورم پر ان کی آواز بلند کرتا رہے گا۔
یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج سری نگر میں داخل ہوئی تھی، لیکن تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر حل طلب ہے اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں مسئلہ کشمیر کے حل کی بنیاد ہیں، جبکہ کشمیری عوام کی جدوجہد انصاف، امن اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی توجہ میں اضافہ ہوا ہے۔
نائب وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں سیاسی رہنماؤں کی حراست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی صورتحال پر عالمی برادری کی مسلسل توجہ ضروری ہے۔ کشمیری عوام کی امنگوں کو طاقت اور جبر کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔
اسحاق ڈار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے مؤثر عالمی کوششیں ناگزیر ہیں اور پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت