بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

وزیراعلیٰ کے پی کیلئے پی ٹی آئی گروپ سرگرم، 30 سے زائد ارکان علی امین کو سی ایم بنانے کے خواہشمند

قومی خبریں
وزیراعلیٰ کے پی کیلئے پی ٹی آئی گروپ سرگرم، 30 سے زائد ارکان علی امین کو سی ایم بنانے کے خواہشمند

پشاور: پاکستان تحریک انصاف میں خیبرپختونخوا کے نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے مختلف گروپ متحرک ہوگئے ہیں، جبکہ ایک گروپ نے علی امین گنڈاپور کو دوبارہ وزیر اعلیٰ بنانے کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں۔

ذرائع کے مطابق نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے معاملے پر پی ٹی آئی کے کئی مرکزی رہنماؤں اور ارکان صوبائی اسمبلی میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ بعض اہم رہنما چاہتے ہیں کہ بونیر یا ہزارہ سے تعلق رکھنے والے کسی رکن کو وزیر اعلیٰ بنایا جائے، جبکہ 30 سے زائد ارکان اسمبلی علی امین گنڈاپور کی دوبارہ نامزدگی کے لیے سرگرم ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت نہ ہونے کی صورت میں نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب عارضی ہوگا۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہونے تک پارلیمانی جماعت کے منتخب کردہ رکن ہی وزیر اعلیٰ رہیں گے۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے بیشتر ارکان نے رابطے کے لیے الگ واٹس ایپ گروپ بھی بنا رکھا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے نئے وزیر اعلیٰ کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ اگر سہیل آفریدی نااہل قرار پائے تو پارٹی قیادت مشاورت کے بعد نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی نمائندگی کے لیے علی امین گنڈاپور کا نام پارلیمانی جماعت نے پیش کیا تھا۔ شوکت یوسفزئی نے پارٹی میں گروپ بندی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی نے باہمی رابطے برقرار رکھنے کے لیے واٹس ایپ گروپ بنایا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت