بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

بائی جیکنگ کی دھمکی پر یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز واپس لاس ویگاس پہنچ گئی، مسافر گرفتار

قومی خبریں
بائی جیکنگ کی دھمکی پر یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز واپس لاس ویگاس پہنچ گئی، مسافر گرفتار

لاس ویگاس: امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس سے نیو جرسی جانے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز کو ہائی جیکنگ کی مبینہ دھمکی کے بعد واپس لاس ویگاس اتار لیا گیا۔ طیارے میں سوار ایک فضائی میزبان نے مسافر کے موبائل فون پر مشکوک پیغام دیکھا، جس کے بعد پائلٹ کو فوری طور پر آگاہ کیا گیا اور سکیورٹی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے 25 سالہ مسافر کو گرفتار کرلیا۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 24 اکتوبر کو پیش آیا، جب یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز یو اے 1681 لاس ویگاس سے نیو جرسی کے لیے روانہ ہوئی۔ پرواز کو اڑان بھرے تقریباً 20 منٹ گزرے تھے اور طیارہ 24 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا کہ ایک فضائی میزبان کی نظر مسافر ڈینٹے ملن کے موبائل فون پر پڑی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فضائی میزبان نے مسافر کے فون پر پیغام لکھنے کے خانے میں موجود ایک تحریر دیکھی، جس میں طیارہ ہائی جیک کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ پیغام میں انگریزی کے الفاظ ’’gonna hijack this‘‘ درج تھے، جن کا مطلب تھا کہ وہ طیارے کو ہائی جیک کرنے جا رہا ہے۔

اسی پیغام میں ’’crash ur row only‘‘ کے الفاظ بھی لکھے گئے تھے، جنہیں مسافروں کی ایک مخصوص قطار کو نقصان پہنچانے کی دھمکی کے طور پر لیا گیا۔ پیغام کی نوعیت کو مشکوک اور ممکنہ خطرے کا باعث سمجھتے ہوئے فضائی میزبان نے فوری طور پر پائلٹ کو اطلاع دی۔

اطلاع ملنے کے بعد پائلٹ نے کاک پٹ کی سکیورٹی مزید سخت کردی اور فضائی ٹریفک کنٹرول کو غیر معمولی صورتحال سے آگاہ کیا، متعلقہ ہدایات کی روشنی میں طیارے کا رخ واپس لاس ویگاس کی جانب موڑ دیا گیا، جہاں اسے بحفاظت اتار لیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق پرواز کے عملے نے صورتحال کو احتیاط سے سنبھالا اور مسافر کو اس بات کا احساس نہیں ہونے دیا کہ اس کے موبائل فون پر لکھی گئی تحریر کی وجہ سے طیارے کو واپس لے جایا جا رہا ہے، مسافر بظاہر پرسکون رہا اور اسے معلوم نہیں تھا کہ عملہ اس کے پیغام کو ممکنہ سکیورٹی خطرہ سمجھ چکا ہے۔

لاس ویگاس ایئرپورٹ پر طیارے کی محفوظ لینڈنگ کے بعد پولیس نے جہاز کے اندر کارروائی کرتے ہوئے 25 سالہ ڈینٹے ملن کو گرفتار کرلیا، اس پر دہشت گردی کی دھمکیاں دینے اور جھوٹی معلومات پھیلانے سے متعلق الزامات عائد کیے گئے۔

طیارے میں 150 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔ واقعے کے دوران تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

فضائی سفر میں سکیورٹی کے ضوابط کے تحت ہائی جیکنگ یا تشدد کی دھمکیوں کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے کیونکہ دوران پرواز کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات ضروری ہوتے ہیں۔ اس واقعے میں بھی عملے کی جانب سے مشکوک پیغام کی بروقت نشاندہی اور پائلٹ کو اطلاع دینے کے بعد احتیاطی کارروائی کی گئی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت