بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

نیپا سے حسن اسکوائر تک کام نومبر میں مکمل ہوگا، میئر کراچی

قومی خبریں
نیپا سے حسن اسکوائر تک کام نومبر میں مکمل ہوگا، میئر کراچی

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے یونیورسٹی روڈ کو شہر کے لیے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سڑک سے گزرنے والے شہریوں کی 80 فیصد مشکلات کم ہوگئی ہیں جبکہ نیپا سے حسن اسکوائر تک جاری کام نومبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ کراچی کے لیے ایک بڑا چیلنج رہا ہے، جس سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، اس سڑک پر کام کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اب صورتحال میں بہتری آئی ہے اور یونیورسٹی روڈ سے گزرنے والوں کی مشکلات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

میئر کراچی نے بتایا کہ نیپا سے حسن اسکوائر تک سڑک پر کام جاری ہے، جسے نومبر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت میں مزید سہولت ملنے کی توقع ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کراچی سرکلر ریلوے کی طویل عرصے سے بندش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں متبادل راستے بنائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کی آمدورفت کو بہتر بنایا جاسکے،کراچی میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے متبادل راستوں کی فراہمی ضروری ہے، خصوصاً ایسے علاقوں میں جہاں ٹریفک کا دباؤ زیادہ رہتا ہے۔

میئر کراچی نے اپنے بیان میں شہر میں خوف کی فضا پیدا کرنے والے عناصر پر بھی تنقید کی،کچھ لوگ اس شہر میں خوف کے ضامن بنے ہوئے ہیں، ان شاء اللہ کراچی پر خوف کا سایہ نہیں آنے دیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق شہر میں ترقیاتی کاموں، سڑکوں کی بہتری اور متبادل راستوں کی تعمیر کے ذریعے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ نیپا سے حسن اسکوائر تک منصوبے کی تکمیل اور دیگر اقدامات کی پیش رفت آنے والے دنوں میں کراچی کی ٹریفک کی صورتحال پر اثر انداز ہوگی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت