زلزلے کے شدید جھٹکوں کے دوران ماں نے اپنی بچی کو کیسے بچایا؟ ویڈیو وائرل

فوٹو: اسکرین گریب
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ہفتے کی صبح آنے والے زلزلے کے دوران ایک ماں کی اپنی شیر خوار بیٹی کو بچانے کی ویڈیو نے انٹرنیٹ صارفین کے دل جیت لیے۔
کیلسی سیلبی نامی خاتون کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ گھر میں کرسی پر بیٹھی اپنی بچی کے ساتھ کھیل رہی تھیں کہ اچانک کیمرہ شدید لرزنے لگا اور زور دار دھماکے جیسی آواز سنائی دی۔
زلزلہ محسوس ہوتے ہی خاتون نے ایک لمحہ ضائع کیے بغیر اپنی بچی کو اٹھایا، گھبراہٹ کے عالم میں اسے اپنے سینے سے چمٹایا اور بچی کی کرسی سمیت کمرے کے درمیانی حصے کی جانب بڑھ گئیں۔
کیلسی سیلبی نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا، ’میری مامتا کی فطری حس فوراً جاگ اٹھی، خوشی ہے کہ سب محفوظ ہیں۔‘
امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر مین ہٹن بیچ کے ساحل کے قریب آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.0 ریکارڈ کی گئی، جو 2014ء کے بعد لاس اینجلس کے علاقے میں آنے والا شدید ترین زلزلہ تھا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ