جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

لاہور ہائیکورٹ، شوہر کا ظلم اور تشدد ثابت، بیوی حقِ مہر کی حق دار قرار

تازہ ترین
لاہور ہائیکورٹ، شوہر کا ظلم اور تشدد ثابت، بیوی حقِ مہر کی حق دار قرار

شوہر کا بیوی پر ظلم اور تشدد ثابت ہونے پر لاہور ہائی کورٹ نے خاتون کو حقِ مہر لینے کا حق دار قرار دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں جسٹس چوہدری محمد اقبال نے خاتون مریم ظفر کی درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا۔

عدالتِ عالیہ نے ماتحت عدالتوں کے خلع کی بنیاد پر تنسیخِ نکاح کے فیصلے کو تبدیل کر دیا اور شوہر کو بیوی کے حق میں 5 لاکھ روپے خصوصی ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ خاتون کو نکاح نامے میں درج حقِ مہر قانون کے مطابق لینے کا حق ہے، شوہر کی جانب سے بیوی کو جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، شوہر کے ناروا سلوک اور تشدد کے باعث بیوی کے لیے ازدواجی زندگی برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔

علیمہ خان کیخلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کا فیصلہ پھر مؤخر

عدالت کا کہنا ہے کہ ظلم اور تشدد صرف جسمانی نہیں بلکہ ذہنی اور جذباتی بھی ہو سکتا ہے، ذہنی اذیت، تضحیک، توہین اور مسلسل نظر انداز کرنا بھی ظلم کے زمرے میں آتا ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بیوی کے لیے عزت و وقار کے ساتھ ازدواجی زندگی گزارنا ناممکن ہو جانا بھی ظلم ہے، خاتون نے بتایا تھا کہ شادی کے 2 سال بعد بھی اولاد نہ ہونے پر طعنے دیے جاتے رہے۔

لاہور ہائی کورٹ کا حکم میں کہنا ہے کہ درخواست گزار اور اس کے شوہر نے رضاکارانہ طور پر میڈیکل ٹیسٹ کروائے تھے جن میں شوہر میں اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت کا نقص سامنے آیا تھا، خاتون نے شوہر کو علاج کروانے کا بھی کہا لیکن وہ طبی طور پر ان فٹ رہا۔

عدالت کا کہنا ہے کہ شوہر نے بیوی سے نکاح تسلیم کرنے سے انکار کیا، استقرارِ عدمِ نکاح کا دعویٰ بھی دائر کیا، شوہر کا استقرارِ عدمِ نکاح کا دعویٰ ماتحت عدالتوں نے مسترد کر دیا تھا، سپریم کورٹ قرار دے چکی کہ ازدواجی زندگی میں ذہنی اور جذباتی اذیت بھی ظلم تصور ہوتا ہے، ازدواجی تعلقات میں اعتماد، احترام، محبت اور باہمی عزت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ