پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کینسر کے خلیات کو ختم کرنے کے بجائے صحت مند خلیوں میں بدلنے کا طریقہ دریافت

تازہ ترین
کینسر کے خلیات کو ختم کرنے کے بجائے صحت مند خلیوں میں بدلنے کا طریقہ دریافت

جنوبی کوریا کے سائنسدانوں نے کینسر کے علاج کے لیے ایک نئی تکنیک تیار کی ہے جس کے ذریعے کینسر کے خلیوں کو تباہ کرنے کے بجائے دوبارہ صحت مند خلیوں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

کوریا ایڈوانسڈ انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے محققین نے پروفیسر کوانگ ہیون چو کی سربراہی میں انسانی جینز کے نظام کا کمپیوٹر ماڈل تیار کیا ہے جس کی مدد سے ان مخصوص جینز کی نشاندہی کی گئی ہے جو خلیوں کی شناخت اور ان کی نشو و نما کو کنٹرول کرتے ہیں۔

3 جینز کو کنٹرول کرنے میں کامیابی

تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے ایم وائے بی، ایچ ڈی اے سی 2 اور ایف او ایکس اے 2 نامی 3 اہم جینز کی سرگرمی محدود کر کے بڑی آنت کے کینسر کے خلیوں کی بے قابو نشو و نما روک دی اور انہیں دوبارہ عام آنتوں کے صحت مند خلیوں جیسا بنا دیا۔

روایتی علاج سے مختلف طریقۂ کار

جوانی میں موٹاپا درمیانی عمر تک کینسر کا خطرہ بڑھا سکتا ہے: تحقیق

روایتی کیموتھراپی اور شعاعوں کے ذریعے کینسر کے خلیوں کو ختم کیا جاتا ہے تاہم اس عمل سے صحت مند بافتوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے اور بعض اوقات ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا ہو جاتی ہے۔

نئی تکنیک میں کینسر کے خلیوں کو مارنے کے بجائے ان کی اصل صحت مند شناخت بحال کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

جانوروں پر تجربات میں بھی کامیابی

دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محققین کے مطابق لیبارٹری اور جانوروں پر کیے گئے تجربات میں تبدیل شدہ خلیوں کی رسولیاں بنانے کی صلاحیت نمایاں طور پر کم ہوئی جبکہ صحت مند خلیے بڑی حد تک متاثر نہیں ہوئے۔

یہ تحقیق سائنسی جریدے ’ایڈوانسڈ سائنس‘ میں شائع ہوئی ہے جبکہ اس ٹیکنالوجی کو مزید ترقی دے کر انسانوں پر طبی آزمائشوں تک پہنچانے کے لیے ایک بائیو ٹیک کمپنی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ طریقہ ابھی تجرباتی مرحلے میں ہے اور انسانوں پر اس کی افادیت اور حفاظت ثابت ہونا باقی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ