جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بھارت: سوشل میڈیا انفلوئنسر سے شادی پر بضد نوجوان کو تشدد کرکے ہلاک کردیا گیا

تازہ ترین
بھارت: سوشل میڈیا انفلوئنسر سے شادی پر بضد نوجوان کو تشدد کرکے ہلاک کردیا گیا

فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں سوشل میڈیا انفلوئنسر کے گھر زبردستی داخل ہوکر اس سے شادی کا مطالبہ کرنے والے نوجوان کو تشدد کرکے ہلاک کردیا گیا۔ پولیس نے انفلوئنسر کے والد اور پڑوسی کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیہا بشٹ کے انسٹاگرام پر 6 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں جبکہ اس کی ویڈیوز کو لاکھوں کی تعداد میں دیکھا جاتا ہے۔ وہ حالیہ دنوں میں اپنی منگنی اور جلد ہونے والی شادی سے متعلق ویڈیوز بھی انسٹاگرام اور یوٹیوب پر شیئر کر رہی تھیں۔

بھارت: سوشل میڈیا انفلوئنسر کو اغوا اور تشدد کے بعد زندہ جلادیا گیا

پولیس کے مطابق اتر پردیش کے ضلع غازی پور سے تعلق رکھنے والا ابھینو نامی نوجوان، جو چنئی میں ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا، 7 نومبر کو مشرقی دہلی کے علاقے مدھو وہار میں نیہا بشٹ کے گھر زبردستی داخل ہوگیا۔ نوجوان نے اس سے شادی کرنے پر اصرار کیا۔

اس حرکت پر نیہا کے اہل خانہ اور بعض پڑوسی مشتعل ہوگئے اور انہوں نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔

بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر مسٹر فیصو کا مدینہ منورہ میں نکاح، تصاویر شیئر کردیں

پولیس اہلکار جب موقع پر پہنچے تو نوجوان کی کمر اور دائیں پاؤں پر شدید چوٹیں موجود تھیں۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ 15 نومبر کو دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ابھینو باقاعدگی سے نیہا بشٹ کی سوشل میڈیا ویڈیوز دیکھتا تھا اور وقت گزرنے کے ساتھ اس کی جانب سے یک طرفہ جذبات وابستہ کرلیے تھے۔ وہ چند ماہ قبل بھی بطور مداح ان کے گھر جاچکا تھا۔

حکام کے مطابق نوجوان نیہا کی کسی دوسرے شخص سے ہونے والی شادی پر ناخوش تھا، تاہم انفلوئنسر اسے جانتی تک نہیں تھیں، واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے نیہا بشٹ کے والد ویریندر بشٹ اور ایک پڑوسی کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس جائے وقوعہ پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ تشدد میں ملوث دیگر افراد کی شناخت کرکے انہیں بھی کارروائی کے دائرے میں لایا جا سکے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ