جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

خیبر پختونخوا: 13 مخصوص اضلاع میں غیر حاضر 1623 طبی اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

تازہ ترین
خیبر پختونخوا: 13 مخصوص اضلاع میں غیر حاضر 1623 طبی اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

خیبر پختونخوا کے مخصوص اضلاع میں غیر حاضر ہیلتھ اسٹاف کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے 13 مخصوص اضلاع میں محکمہ صحت کے 1 ہزار 623 اہلکاروں کی غیر حاضری رپورٹ ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق غیر حاضر طبی عملے کے خلاف کارروائی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، ان کے خلاف کارروائی متعلقہ سروس رولز اور ضوابط کے مطابق کی جائے گی۔

ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کے مطابق ضلع لکی مروت میں 558، مہمند میں 410، بنوں میں 208، ڈیرہ اسماعیل خان میں 120 اور شمالی وزیر ستان میں 101 طبی اہلکار غیر حاضر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ضلع خیبر میں 95، جنوبی وزیرستان اپر 89، ٹانک 77، کرم لوئر وسطی میں 68، اورکزئی میں 43، کرم اپر میں 32، جنوبی وزیرستان لوئر میں 18 جبکہ باجوڑ میں 4 طبی اہلکاروں کی غیرحاضری رپورٹ ہوئی ہے۔

ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کے مطابق مخصوص اضلاع میں نااہلی اور فرائض سےغفلت کی کوئی گنجائش نہیں، متعلقہ علاقوں میں ڈیوٹی سےغیرحاضر محکمہ صحت کے اہلکاروں سے جواب طلب کیا گیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ