جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کابینہ کی ہر بات میڈیا کے سامنے نہیں لاسکتے، طارق فضل چوہدری

تازہ ترین
کابینہ کی ہر بات میڈیا کے سامنے نہیں لاسکتے، طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ کابینہ کی ہر بات میڈیا کے سامنے نہیں لاسکتے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران طارق فضل چوہدری نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے لوگ دو تین دنوں سے ایسی باتیں کررہے ہیں جو غیر ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مختلف موضوعات پر بات چیت ہوتی رہتی ہے، ن لیگ نے نئے صوبوں کے حوالے سے اپنا موقف باضابطہ طور پر میڈیا کو نہیں دیا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل ہونا چاہیے، معاملات کو بند کمرے میں بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان لفظی گولہ باری کے حوالے سے بھی صدر اور وزیراعظم کی حالیہ ملاقات میں بات چیت ہوئی، جس کے بعد کافی معاملات معمول پر آئے ہیں۔

طارق فضل چوہدری نے یہ بھی کہا کہ یہ بات طے ہے کہ پیپلز پارٹی کو اتحاد سے نہ جانیں دیں گے اور نہ وہ اتحاد سے الگ ہو گی، اگر کوئی صوبے بننے کے حق یا مخالفت میں ہے تویہ اس کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو سندھ کی تقسیم سے مسئلہ ہے، پی پی اپنی رائے کا اظہار کرے مگر ہم پر حملہ کرنا اور جوش خطابت میں وہ باتیں کرنا، جس کا صوبوں کے موضوع سے کوئی تعلق نہیں وہ غیرضروری تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ کی ہر بات میڈیا کے سامنے نہیں لاسکتے، ن لیگ صوبوں کے حوالے سے اپنا موقف میڈیا کے سامنے کب پیش کرے گی فیصلہ ہماری قیادت کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو چاہیے تھا وہ میڈیا پر بات کرنے سے پہلے وزیراعظم سے رابطہ کرتے، حالات تھوڑے خراب ہوئے تو وزیراعظم صدر مملکت کی طرف گئے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ جب اکٹھےچل رہے ہیں تو ایک دوسرے سے ملنے، معاملات خوش اسلوبی سے چلانے میں کوئی ممانعت نہیں، ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ ن لیگ حتمی طور پر میڈیا کو صوبوں کے حوالے سے آگاہ کرے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ