جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سپریم کورٹ کو عدالتی خدمات کیلئے عالمی معیار کا آئی ایس او سرٹیفکیٹ مل گیا

تازہ ترین
سپریم کورٹ کو عدالتی خدمات کیلئے عالمی معیار کا آئی ایس او سرٹیفکیٹ مل گیا

سپریم کورٹ: فائل فوٹو

سپریم کورٹ نے آئی ایس او 9001/2015 سرٹیفکیشن حاصل کرلی، بین الاقوامی ادارے انٹر سرٹ نے19 نومبر کو کوالٹی مینجمنٹ سسٹم کی سرٹیفکیشن جاری کی۔

آئی ایس او سرٹیفکیشن سپریم کورٹ کی ادارہ جاتی اور انتظامی اصلاحات میں اہم پیشرفت ہے۔

سپریم کورٹ کو یہ سرٹیفکیٹ 19 نومبر 2026 کو بین الاقوامی ادارے انٹرسرٹ کی جانب سے جاری کیا گیا، جس کا مقصد عدالتی انتظام، شفافیت، جوابدہی اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار بہتر بنانا ہے۔

سرٹیفکیشن کا دائرہ کار دیوانی اور فوجداری مقدمات میں حتمی اپیلوں کے فیصلوں، کرایہ داری اور خاندانی مقدمات کی اپیلوں، فیصلوں اور احکامات پر نظرثانی، توہین عدالت کے اختیارات کے استعمال اور عدالتی احکامات و ڈگریوں کے اجرا اور ان پر عمل درآمد سمیت مختلف عدالتی خدمات پر مشتمل ہے۔

اس کے علاوہ عدالتی انتظامی امور، رجسٹری آپریشنز، مقدمات کے انتظام، عدالتی ریکارڈ طلب کرنے اور محفوظ رکھنے، فیصلوں اور قانونی نظیروں کی اشاعت اور آرکائیونگ کو بھی سرٹیفکیشن کے دائرے میں شامل کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق آئی ایس او سرٹیفکیشن کے حصول کے لیے سپریم کورٹ نے جامع کوالٹی مینجمنٹ سسٹم قائم کیا، جس کے تحت ادارہ جاتی کوالٹی پالیسی، یکساں طریقہ کار، دستاویزی ورک فلو اور ذمہ داریوں کا واضح تعین کیا گیا ہے۔ اس نظام میں معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز)، اندرونی آڈٹ، کارکردگی کی نگرانی، خطرات کا جائزہ اور خامیوں کی اصلاح کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

سپریم کورٹ کے مطابق نئے نظام سے سائلین، وکلا اور دیگر متعلقہ افراد کو انتظامی تاخیر میں کمی، غیر ضروری عدالتی دوروں سے نجات، معلومات کی درستگی اور عدالتی خدمات کی بروقت فراہمی میں مدد ملے گی۔

واضح طریقہ کار اور ذمہ داریوں کے تعین سے درخواستوں، مقدمات کے ریکارڈ اور عدالتی احکامات کو نمٹانے میں بھی بہتری آئے گی، جس سے نظام انصاف تک عوام کی رسائی، شفافیت اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔

یہ سرٹیفکیشن سپریم کورٹ کی دیگر عدالتی اصلاحات کا تسلسل ہے، جن میں عدالتی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، ای فائلنگ، الیکٹرانک مصدقہ نقول، مقدمات کے بہتر انتظام اور عوامی سہولت کی خدمات شامل ہیں۔

ان اقدامات کا مقصد عدالتی طریقہ کار کو آسان بنانا، ادارہ جاتی کارکردگی بہتر کرنا اور بالخصوص دور دراز علاقوں میں رہنے والے سائلین کے لیے انصاف تک رسائی آسان بنانا ہے۔

اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ بین الاقوامی معیارکے مطابق ادارہ جاتی کارکردگی میں مسلسل بہتری کے لیے پُرعزم ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ