میں چاہتا ہوں کہ وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کروں، وہ پانچ سال کی مدت مکمل کریں، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری : اسکرین گریب/ یوٹیوب
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو ہم نے دو بار وزیراعظم بنایا، میں چاہتا ہوں کہ ان کے ہاتھ مضبوط کروں، شہباز شریف پانچ سال کی مدت مکمل کریں۔
کراچی میں گندم کے کاشت کاروں کے لیے سندھ حکومت کے 17 ارب روپے کے ’سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام 2026‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جانتا ہوں شہباز شریف فخر کرتے ہیں کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے سے بچایا، وزیراعظم کو موقع ہی نہیں دیا گیا کہ وہ معاشی مشکلات پر فوکس کریں، وزیراعظم کیا کرے وہ جب بھی کوئی پلان بناتے ہیں ان کا کوئی وزیر اپنا ایجنڈا لے آتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ معاشی بحران سے نکلنے میں بہت وقت لگے گا، دنیا کی سب حکومتوں کا فوکس اسی پر ہے کہ ہم کیسے عوام کو ریلیف دے سکتے ہیں، عوام کو یہ فکر نہیں کہ ایک صوبہ بنے یا پانچ صوبے بنیں، عوام کو اپنی معاشی مشکلات کی فکر ہے، ملک کی معاشی مشکلات دور کرنے کیلئے سب جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، آپ مولانا فضل الرحمان اور خان صاحب کو پسند کریں نہ کریں، ان کو بھی انگیج کرنا ہوگا، اگر میری نظر میں ملکی مفاد اہم نہیں ہوتا تو میں بھی کہتا رگڑا دیتے رہو۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس کا فوکس محدود وسائل میں عوام کی مدد ہے، سندھ حکومت کے تھر کیلئے پیکیج کا خیر مقدم کرتا ہوں، پیپلز پارٹی کو احساس ہے معاشی بحران، مہنگائی اور بے روزگاری ہے، افسوس ہے ہمارے ملک میں سیاست دانوں، حکمرانوں نے عوام کے ایشوز پر توجہ دینا بند کردی ہے، تمام سیاسی اختلافات اور لڑائیوں کو بھول کر سمجھنا چاہیے کہ ایسا معاشی بحران کبھی نہیں آیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں معاشی حالات سب کے سامنے ہیں، ہم معاشی بحران سے گزر رہے ہیں، ہمارے خطے میں جنگ کے حالات ہیں، جنگ کا معاشی بوجھ پاکستان کا ہر شہری اپنے کندھوں پر اٹھا رہا ہے، میں نے اپنی زندگی میں اتنا مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا، ہمیں امن کا معاہدہ ابھی تک نظر نہیں آیا۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم ملک میں واحد سیاسی جماعت ہیں جن کی سوچ یہی ہے کہ کیسے محدود وسائل میں عوام کو مدد پہنچا سکتے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ چھوٹے ہاریوں کی نمائندگی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشی بحران کی وجہ سے ڈیزل، کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہاہے، ان حالات میں سندھ حکومت نے ہاری کارڈ کے ذریعے 6 لاکھ کسانوں کو سپورٹ دی جائے گی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ