انڈونیشیا نے 19 ہزار سے زائد یوٹیوب چینلز بند کرنے پر گوگل سے جواب طلب کر لیا

انڈونیشیا نے ملک سے منسلک 19,372 یوٹیوب چینلز بند کیے جانے پر گوگل سے وضاحت طلب کر لی۔
انڈونیشیا کی وزارتِ مواصلات و ڈیجیٹل امور کے مطابق گوگل نے جولائی سے ستمبر 2026ء کے دوران مربوط اثراندازی کی سرگرمیوں کے الزام میں انڈونیشیا سے منسلک 19,372 یوٹیوب چینلز بند کیے۔
گوگل کی 30 اکتوبر کو جاری ہونے والی سہ ماہی رپورٹ میں مزید 17 چینلز کا بھی الگ ذکر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بند کیے گئے بیشتر چینلز انڈونیشین زبان میں حکومتی حمایت اور حکومت کے ناقدین پر تنقید سے متعلق مواد شائع کر رہے تھے۔
انڈونیشین وزارت کے سینئر عہدیدار میڈیوڈیچی لوستارینی نے بتایا ہے کہ حکومت نے گوگل سے تحریری وضاحت اور مثالیں طلب کی ہیں جن میں چینلز کی نشاندہی اور بندش کے معیار، جائزے کے طریقۂ کار، درستگی کی شرح، ممکنہ غلطیوں کا تعین کرنے کے طریقوں کی تفصیلات شامل ہوں۔
یوٹیوب کا کم عمر صارف کی سوشل میڈیا لت سے متعلق تاریخی مقدمے میں تصفیہ
وزارت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں چینلز کے خلاف کارروائی شفاف، منصفانہ اور متناسب ہونی چاہیے۔
دوسری جانب گوگل کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی اپنے پلیٹ فارمز کے تحفظ کے لیے دنیا بھر میں مربوط اثر اندازی کی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتی ہے اور سیاسی نظریات سے قطع نظر اپنی پالیسیوں پر یکساں عمل درآمد کرتی ہے۔
یہ کارروائی ایسے وقت سامنے آئی ہے جب انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کی مقبولیت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ان کی عوامی مقبولیت نومبر 2025ء میں تقریباً 80 فیصد تھی جو جولائی 2026ء میں کم ہو کر 51 فیصد رہ گئی ہے، اس کمی کی وجوہات میں معاشی حالات اور حکومت کے اہم عوامی فلاحی منصوبے سے متعلق عوامی بے اطمینانی شامل ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ