جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

میزائلوں کی تعیناتی پر ایران کو کسی پابندی کا سامنا نہیں: بریگیڈیئر جنرل علی بلالی

تازہ ترین
میزائلوں کی تعیناتی پر ایران کو کسی پابندی کا سامنا نہیں: بریگیڈیئر جنرل علی بلالی

بریگیڈیئر جنرل علی بلالی—فائل فوٹو

پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر کے سینئر مشیر بریگیڈیئر جنرل علی بلالی کا کہنا ہے کہ میزائلوں کی تعیناتی پر ایران کو کسی پابندی کا سامنا نہیں ہے۔

ایرانی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکم ملنے کی صورت میں میزائلوں کو نئے جغرافیائی علاقوں میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل علی بلالی نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج ہر قسم کی جارحانہ کارروائی کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ افواج کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں اور وہ دشمن کی کسی بھی غلط فہمی یا حماقت کی منتظر ہیں۔

معلوم نہیں تھا کہ اسرائیلی سفیر امریکی فوج کے کمانڈر انچیف ہیں: عباس عراقچی

علی بلالی نے کہا کہ اگر کوئی جارحانہ کارروائی کی گئی تو دشمن کو جہاں بھی اس کی موجودگی ہو گی، میزائل حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو اپنے میزائلوں کی تعداد، ان کی تنصیب کے مقامات یا صلاحیتوں کے حوالے سے کسی قسم کی پابندی کا سامنا نہیں، جبکہ مخالفین کو ایرانی میزائلوں کا مقابلہ کرنے میں متعدد مشکلات پیش آئی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران کے دشمنوں کو ہمارے میزائلوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تھاڈ جیسے کروڑوں ڈالرز مالیت کے دفاعی نظام بھاری لاگت اور طویل عرصے میں تیار کرنے پڑ رہے ہیں۔

علی بلالی نے کہا کہ اگر حکم دیا جائے تو ایران کو نئے جغرافیائی علاقوں میں اپنی میزائل صلاحیتیں تعینات کرنے پر بھی کوئی پابندی نہیں ہے۔

انہوں نے ایران کے دشمنوں پر نفسیاتی جنگ مسلط کرنے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ مذاکرات، فوجی ساز و سامان کی منتقلی، گولہ بارود کی نقل و حرکت اور فوجی دھمکیوں جیسے معاملات اٹھا کر شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

بریگیڈیئر جنرل علی بلالی نے یہ بھی کہا کہ خطے کے ممالک امریکا کے ساتھ تعاون کرنے کے نتائج اور قیمت کو سمجھ چکے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ