برطانیہ سردی کی پہلی لہر کی لپیٹ میں، پارہ منفی 8 ڈگری تک گرنے کا امکان

برطانیہ کو موسم خزاں میں سردی کی پہلی لہر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
یو کے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق ہفتے کی دوپہر تک نارتھ ویسٹ انگلینڈ اور ویسٹ مڈ لینڈز کے لیے ییلو وارننگ جاری کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات دیہی علاقوں میں درجۂ حرارت گرے گا، اسکاٹ لینڈ میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ، شمالی انگلینڈ میں منفی 7، جنوب میں منفی 3، ویلز میں منفی 5 اور شمالی آئر لینڈ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجۂ حرارت گرنے کی توقع ہے۔
محکمۂ موسمیات نے اسکاٹ لینڈ کے بعض حصّوں میں برف باری کی پیش گوئی بھی کی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کل رات جنوبی انگلینڈ میں بھی درجۂ حرارت منفی 8 تک گرنے کا امکان ہے، ویلز اور آئر لینڈ کو بھی سردی کی شدید لہر کا سامنا کرنا پڑے گا۔
محکمۂ موسمیات کے ترجمان اسٹیفن ڈکسن نے متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرائیورز کو برفباری اور موسمی شدت کی وجہ سے محتاط رہنا ہو گا، آنے والے چند یوم کے دوران درجۂ حرارت مسلسل گرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہفتے کے روز اسکاٹ لینڈ کے مغربی حصّوں میں بارش بھی متوقع ہے، اتوار کو بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہو گی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ