جو بائیڈن کی کتاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کا 200 بار ذکر، سخت الزامات بھی شامل

امریکی سابق صدر جو بائیڈن اور امریکی موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ---فائل فوٹو
سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی نئی کتاب میں موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تقریباً 200 بار ذکر کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جو بائیڈن کی صدارت اور 2024ء کے انتخابات کے دوران صدر ٹرمپ کس قدر اہم موضوع رہے۔
17 نومبر کو شائع ہونے والی کتاب ’پرامِس مِی، امریکا‘ میں بائیڈن نے 2020ء کے صدارتی انتخابات، 6 جنوری کو امریکی کانگریس پر حملے، نیٹو، معیشت اور 2025ء میں ٹرمپ کی دوبارہ وائٹ ہاؤس واپسی سمیت مختلف معاملات پر دونوں رہنماؤں کی پالیسیز کا موازنہ کیا ہے۔
کتاب میں ٹرمپ کا ذکر نائب صدر کملا ہیرس اور سابق اسپیکر نینسی پیلوسی سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
بائیڈن نے اپنی کتاب میں ٹرمپ کی جانب سے 2021ء میں صدارتی منصب سنبھالنے کے موقع پر خود کے لیے لکھا گیا ایک ذاتی خط بھی شامل کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے بائیڈن کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت نہیں کی تھی تاہم وائٹ ہاؤس کی میز پر جو بائیڈن کے لیے ایک خط چھوڑا تھا جس کا آغاز ’46 ویں صدر کے نام‘ کے الفاظ سے کیا گیا تھا، بائیڈن نے اس خط کو حیران کن قرار دیا ہے۔
ٹرمپ نے بائیڈن انتظامیہ کو فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی خرابی کا ذمے دار قرار دے دیا
بائیڈن نے 6 جنوری 2021ء کو امریکی کانگریس پر حملے کا ذمے دار ٹرمپ کو ٹھہراتے ہوئے لکھا ہے کہ ٹرمپ نے بغاوت کی قیادت کی اور وہ (ٹرمپ) انتخابات میں شکست کے باوجود اقتدار میں رہنا چاہتے تھے۔
انہوں نے حملہ آوروں کو پُرامن مظاہرین قرار دینے کی بھی مخالفت کی اور لکھا کہ مظاہرین مسلح ہو کر 2020ء کے صدارتی انتخابات کے نتائج کی توثیق روکنے آئے تھے۔
بائیڈن نے اپنی کتاب میں ٹرمپ کی جانب سے بعد ازاں 1,500 سے زائد حملہ آوروں کو معافی دینے پر بھی سخت تنقید کی ہے۔
کتاب کی اشاعت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے ری پبلکنز کو بڑی شکست دے کر ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں نمایاں کامیابی حاصل کی اور کئی ریاستی اسمبلیوں کا کنٹرول بھی حاصل کر لیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ