الیکشن کمیشن: عطاء اللّٰہ تارڑ کیخلاف ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کا فیصلہ محفوظ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ---فائل فوٹو
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 کے ضمنی انتخابات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کے خلاف ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی جس میں عطاء اللّٰہ تارڑ بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عطاء اللّٰہ تارڑ کی جانب سے ان کے وکیل سجیل سواتی نے مؤقف اختیار کیا کہ دورے کا مقصد ذاتی تھا، انتخابی مہم چلانا نہیں تھا، وکیل کی ذاتی دعوت پر وہاں گئے تھے، متعلقہ تقریب میں امیدوار بھی موجود نہیں تھا۔
ضمنی انتخاب این اے 77 میں عطا تارڑ کو ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری
عطاء تارڑ کی جانب سے وکیل نے کہا کہ ہم کمیشن کی بہت عزت کرتے ہیں اور ذمے دار اراکینِ پارلیمان ہیں، ایسا کوئی کام نہیں کر سکتے جو ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہو، اس حوالے سے تحریری جواب بھی جمع کروا چکے ہیں اور غیر مشروط معذرت کرتے ہوئے خود کو کمیشن کے رحم و کرم پر چھوڑتے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ آپ بے شک وکیل کی دعوت پر گئے تھے، لیکن آپ وفاقی وزیر بھی ہیں۔
سماعت کے بعد الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ