کیف: روسی میزائل حملوں میں 3 افراد ہلاک، 15 زخمی

یوکرین کے دارالحکومت کیف میں روسی میزائل حملوں میں 3 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔
کیف کے میئر وٹالی کلچکو کے مطابق کیف میں روسی بیلسٹک میزائل حملوں کے نتیجے میں دریائے دنیپرو پر واقع 3 اہم پلوں کو نقصان پہنچا، بعض راستے بند اور ٹریفک کو محدود کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ روسی حملوں کے باعث شہر کی اہم تنصیبات سمیت عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
روس پر یوکرین کے ڈرون حملے جاری، 2 افراد ہلاک
یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روسی ڈرون حملوں میں دنیپرو پیٹروفسک کے علاقے میں 5 افراد زخمی ہوئے، جبکہ خارکیف میں ایک اسپتال پر حملے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زاپوریزیا میں ٹرام پر ڈرون حملے میں بھی ایک شخص زخمی ہوا۔
دوسری جانب روسی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی افواج نے کیف سمیت یوکرین کے مختلف علاقوں میں دفاعی صنعت، توانائی اور ٹرانسپورٹ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
روسی وزارتِ دفاع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اوڈیسا کے علاقے میں بندرگاہی تنصیبات اور یوکرینی فوج کے زیرِ استعمال بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ