ایم کیو ایم سندھ کا فیصلہ نہیں کر سکتی، اپنی جماعت کا انتشار ختم کرے: مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب---فائل فوٹو
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کیا آپ اپنی سوچ لوگوں پر مسلط کرنا چاہتے ہیں؟ اب نائن زیرو نہیں رہا، اب جھگڑا بہادرآباد اور راوی روڈ کا ہے، جن لوگوں کی اپنی جماعت میں انتشار ہے، کیا وہ سندھ کا فیصلہ کریں گے؟
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے ایم کیو ایم کو ’منتشر قومی موومنٹ‘ قرار دیا اور کہا کہ سندھ کے عوام اور نمائندے کہہ رہے ہیں کہ سندھ متحد ہے، فیصلہ وہی ہونا چاہیے جو سندھ کے لوگ چاہتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ نے بہت برا وقت دیکھا ہے، بے پناہ قربانیوں کے بعد کراچی میں امن و امان قائم ہوا ہے، ہم نہیں چاہتے کہ دوبارہ 80ء کی دہائی میں واپس چلے جائیں۔
پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ کراچی میں بہتری آئے: میئر مرتضیٰ وہاب
اس موقع پر سکھر کے میئر ارسلان شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے قیام کی مخالف نہیں، نئے صوبے وہاں بننے چاہئیں جہاں آئینی تقاضے پورے نہ ہوں اور عوام کے مسائل حل نہ ہو رہے ہوں۔
ارسلان شیخ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے شہر میں امن قائم کیا، پنجاب اور سندھ کے معاملے پر دہرا معیار اختیار نہ کیا جائے، لسانیت کی دھمکیاں دینے اور سندھ کی ثقافت کا مذاق اڑانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ یہی رویہ برقرار رہا تو اگلی پریس کانفرنس سندھ کے شہری حلقوں کے عوام کے ساتھ نائن زیرو پر کریں گے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ