’بس بہت ہوگیا‘: بابر اعظم سے بار بار سوالات پر ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا صبر جواب دے گیا

مائیک ہیسن اور بابر اعظم---فائل فوٹو
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم کی مسلسل خراب بیٹنگ کارکردگی سے متعلق بار بار سوالات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صحافیوں کو جاری ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی کارکردگی پر توجہ دینے کا مشورہ دے دیا۔
سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن بابر اعظم کی بیٹنگ میں طویل عرصے سے سنچری نہ بنانے سے متعلق ایک اور سوال پر ناراض ہو گئے۔
نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ اوسط کے حوالے سے پریشان نہیں، جو تقریباً 50 ہے، میں اس بارے میں گزشتہ پریس کانفرنسز میں بھی جواب دے چکا ہوں۔
بابر اعظم کی شہرت اور کامیابی کچھ سابق کرکٹرز کو ہضم نہیں ہو رہی: اعظم خان
مائیک ہیسن نے کہا کہ سچ کہوں تو اب ان سوالات سے تنگ آ چکا ہوں، ہر پریس کانفرنس میں ایک ہی سوال بار بار پوچھا جاتا ہے، بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں اوسط تقریباً 50 ہے، اس لیے ہمیں ان کی کارکردگی پر کوئی تشویش نہیں، میں وہی جواب دوں گا جو گزشتہ بار دیا تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ کیا ہم ہر بار ایک ہی سوال پر بات کرنا چھوڑ کر میدان میں جاری کرکٹ کے بارے میں سوالات کر سکتے ہیں؟ پاکستان ٹیم یہاں اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، اس لیے اس پر توجہ دی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں مستقل مزاجی برقرار رکھنے میں مشکلات کا شکار ہیں اور طویل عرصے سے سنچری نہ بنانے کے باعث ان کی حالیہ کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ