امریکی فوج کا 5 ٹن دھماکا خیز کیمیکلز تباہ کرنے کا منصوبہ

امریکی فوج نے ریاست آئیووا میں بم بنانے میں استعمال ہونے والے تقریباً 5 ٹن کیمیکلز کو دھماکے سے تباہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس پر مقامی آبادی نے فضائی آلودگی بڑھنے کے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مڈل ٹاؤن میں واقع آئیووا آرمی ایمونیشن پلانٹ کے اطراف کا علاقہ خالی کر دیں، جہاں (جمعے کو) آج یہ کارروائی کی جائے گی، علاقے سے باہر نہ جا سکنے والے افراد کو گھروں کے اندر رہنے، کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دھماکا خیز مواد گزشتہ 2 دہائیوں سے زائد عرصے سے فوجی تنصیب میں محفوظ تھا تاہم رواں سال کے آغاز میں حفاظتی جائزے کے دوران اس کی حالت خراب ہونے کا انکشاف ہوا۔
امریکا:کول پاور اسٹیشن دھماکا خیز مواد سے زمین بوس کردیا گیا
حکام کے مطابق اس کارروائی کے نتیجے میں شدید دھماکوں کی آوازیں، زمین میں ارتعاش اور سیسے کے ذرات پر مشتمل گرد و غبار کا بادل اٹھنے کا خدشہ ہے۔
ممکنہ طور پر مضرِ صحت ذرات فضا میں پھیلنے کے خدشے کے پیشِ نظر ریاست الینوائے کے حکام بھی صورتِ حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
فوج کے اس فیصلے پر مقامی شہریوں میں غصہ پایا جاتا ہے، جنہیں طویل مدتی ماحولیاتی آلودگی اور صحت کو لاحق خطرات پر تشویش ہے۔
محکمۂ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ سیسے کی آلودگی کی کوئی بھی محفوظ سطح مقرر نہیں کی جا سکی، اس کے اثرات بالخصوص کم عمر بچوں کے لیے خطرناک ہیں، کیونکہ سیسے سے دماغ کی نشو و نما متاثر ہونے اور اعصابی نظام کو مستقل نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے۔
دوسری جانب الینوائے کی ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی کے ڈائریکٹر جیمز جیننگز نے فوج پر زور دیا ہے کہ دھماکوں کے بعد ماحول کا جامع جائزہ لینے کے لیے آلودگی کی جانچ کی جائے۔
امریکی فوج کو توقع ہے کہ گرد و غبار کا بادل 1 گھنٹے کے اندر ختم ہو جائے گا، تاہم ممکنہ آلودگی کے پھیلاؤ اور اس کے اثرات کے بارے میں صورتِ حال تاحال غیر یقینی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ