جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بلاول ینگ اور جذباتی ہیں، صدر اور وزیراعظم بات چیت سے چیزوں کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، طلال چوہدری

تازہ ترین
بلاول ینگ اور جذباتی ہیں، صدر اور وزیراعظم بات چیت سے چیزوں کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری۔فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ینگ اور جذباتی ہیں، صدر مملکت اور وزیراعظم ہمیشہ بات چیت سے چیزوں کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، ہم نے رد عمل دیا ہے، ہمیں بھی تو اپنے لوگوں کو جواب دینا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ہم نے جواب ضرور دیا لیکن مناسب حد تک، کوئی ایسی بات نہیں کی جیسے بلاول بھٹو نے کیں۔

انھوں نے کہا کہ مذاکرات اور برداشت کی بات کرتے ہیں تو وہ وزیر داخلہ اور وزرا کا موقف کیوں برداشت نہیں کرتے، یہاں تو درجہ چہارم کی تقرری سے وزیراعظم بننے تک ایک ایک چیز پر مشاورت ہوئی ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ کوئی بھی قانون سازی کمیٹی میں اتحادیوں کے سامنے رکھی جاتی ہے پھر پارلیمنٹ میں آتی ہے، جو بات جمہور سے متعلق ہے وہ جمہوری طریقے سے ہی طے ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ جمہوری طریقے میں یہ تو بڑی جماعتیں ہیں چھوٹی جماعت کو بھی باہر نہیں رکھ سکتے، اتنے بڑے فیصلے اتفاق رائے کے بغیر کرنے ہی نہیں چاہیئے اور ہوں گے بھی نہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ انتظامی یونٹس کی بات گورننس کی بہتری کے لیے ہو رہی ہے کسی کی خواہش پر نہیں، یہ پاکستان کی بات ہو رہی ہے کسی ایک صوبے کی بات نہیں ہو رہی۔

انھوں نے کہا پی ڈی ایم سے لے کر آج تک کوئی بھی چیز آئین سے باہر نہیں کی گئی، تمام چیزیں اتحادیوں خصوصاً پیپلز پارٹی کے ساتھ بھرپور مشاورت کے بعد ہوئی ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ