جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

برازیل میں ننھا کچھوا ٹیکسی وے پر آ گیا، پرواز روکنا پڑی

تازہ ترین
برازیل میں ننھا کچھوا ٹیکسی وے پر آ گیا، پرواز روکنا پڑی

برازیل کے سلگاڈو فلہو ایئر پورٹ کے ٹیکسی وے پر پر مسافر طیارے کو اچانک سامنے آنے والے کچھوے کی وجہ سے بریک لگانا پڑی۔

ازول ایئر لائنز کی پرواز اے ڈی 2885 پورٹو الیگری سے ریو ڈی جنیرو کیلئے روانہ ہو رہی تھی۔ ٹیکسی وے ڈیلٹا پر سفر کے دوران پائلٹ نے دیکھا کہ عین طیارے کے سامنے ایک کچھوا آہستہ آہستہ جارہا تھا۔

پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول کو ریڈیو پیغام پر اطلاع دی کہ ’’یقین کریں یا نہ کریں ہمارے طیارے کے بالکل سامنے ٹیکسی وے ڈیلٹا پر ایک کچھوا موجود ہے۔‘‘

کنٹرول ٹاور نے فوری طور پر طیارے کو اپنی جگہ رکنے کی ہدایت کی اور ایئر پورٹ کی وائلڈ لائف منیجمنٹ ٹیم کو طلب کرلیا۔

اس دوران ریڈیو فریکوئنسی پر پائلٹس کے درمیان دلچسپ اور مزاحیہ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ فریکوئنسی سننے والے ایک دوسرے طیارے کے پائلٹ نے ازول کے عملے کو مذاق میں خبردار کیا کہ ’’خبردار رہیں، کہیں کچھوا بھاگ نہ جائے!‘‘

جس پر ازول ایئر لائنز کے کپتان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ’’اس ننھے مہمان کو رن وے تک پہنچنے میں تقریباً آٹھ دن لگیں گے۔‘‘

ایئر پورٹ انتظامیہ کی وائلڈ لائف ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کچھوے کو بغیر کسی نقصان کے محفوظ طریقے سے اٹھایا اور ایئرپورٹ کی حدود سے باہر قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا۔

اس تمام کارروائی میں تقریباً 5 منٹ لگے جس کے بعد پرواز کو بحفاظت منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ