جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بلاول آئینی عدالت بننے کا کریڈٹ لے رہے ہیں، 27ویں ترمیم کا نہیں: نثار کھوڑو

تازہ ترین
بلاول آئینی عدالت بننے کا کریڈٹ لے رہے ہیں، 27ویں ترمیم کا نہیں: نثار کھوڑو

فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو آئینی عدالت بننے کا کریڈٹ لے رہے ہیں، 27ویں ترمیم پاس کرنے کا نہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں میزبان حامد میر کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو وہ حقیقت بتارہے ہیں جو اس وقت ہوا تھا۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستیں ن لیگ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کو دی گئیں پی ٹی آئی کو نہیں ملیں۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نے کہا کہ مخصوص نشستیں ملنے سے ان کی اکثریت ہوگئی، دو تہائی نہ سہی سادہ اکثریت شاید آگئی تھی۔

26ویں ترمیم میں بلدیاتی حکومت کے اختیارات مانگے پی پی نے بلڈوز کیا: مصطفیٰ کمال

انہوں نے مزید کہا کہ تو سادہ اکثریت سے ترمیم پاس کی گئی جس میں ہم نے بھی ووٹ دیا اور ایم کیو ایم نے بھی۔

مردم شماری پر بات کرتے ہوئے نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ مردم شماری سندھ حکومت نہیں کرتی، ہم تو خود مردم شماری کرنے والوں سے رسید مانگ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تو رسید دینے سے بھی انکار کیا گیا پھر ایم کیو ایم کے کہنے پر مردم شماری کے وقت میں توسیع کی گئی۔ تمام سندھ کے لیے نہیں صرف مخصوص ایریا کے لیے مردم شماری کے وقت میں توسیع کی گئی۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ ہم بھی کہتے ہیں کہ سندھ میں مردم شماری سے تعداد زیادہ ہے لیکن سرکاری طور پر بات نہیں مانی گئی۔

رہنما پی پی نے کہا کہ آئین کے مطابق عوامی نمائندہ کا فیصلہ ہی اصل فیصلہ ہے۔اسپیکر صاحب اس پر مطمئن نہیں تو چھ ماہ میں الیکشن کروالیں، جو فیصلہ ہوگا سامنے آجائے گا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ