مصور نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں اسٹیچو آف لبرٹی کی تصویر بنادی

فوٹو: اسکرین گریب
گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے جمعرات کو 22 واں سالانہ عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کے تحت دنیا بھر میں قائم ہونے والے نئے اور منفرد عالمی اعزازات کا اعلان کیا گیا ہے۔
ان دلچسپ ریکارڈز میں سب سے نمایاں کارنامہ معروف پرفارمنس پینٹر ڈیوڈ گیریبالڈی کا ہے، جنہوں نے محض 43.5 سیکنڈز میں امریکا کا مشہور تاریخی یادگاری 'مجسمہ آزادی' کی پینٹنگ تیار کر کے تیز ترین مصوری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
ڈیوڈ گیریبالڈی نے یہ شاہکار نیو یارک سٹی کے ساحلی مقام پر ایک ایسی جگہ کھڑے ہو کر تخلیق کیا جہاں سے مجسمہ آزادی کا نظارہ بالکل صاف اور واضح دکھائی دیتا تھا۔
اس منفرد اعزاز کے حصول کے بعد گفتگو کرتے ہوئے گیریبالڈی نے کہا کہ یہ ایک ایسا تجربہ تھا جو پہلے کبھی نہیں کیا گیا تھا، جس میں روایتی اسٹیج پرفارمنس کے بجائے مکمل توجہ صرف اور صرف 'رفتار' پر مرکوز رکھی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے لیے اور دنیا کے لیے ایک نیا معیار قائم کرنا چاہتا تھا۔ مجھے امید ہے کہ یہ کارنامہ کسی بچے یا بڑے کو یہ سوچنے پر مجبور کرے گا کہ وہ بھی کسی بڑے ہدف کے لیے کوشش کرے، کیونکہ اس کوشش کے دوران انسان خود بخود عظیم بن جاتا ہے۔
اس ریکارڈ سازی کا براہِ راست مشاہدہ کرنے والے گنیز ورلڈ ریکارڈز کے آفیشل جج مائیکل ایمپرک نے اس کارنامے کو سراہتے ہوئے کہا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز ڈے کا مقصد ہی ایسے یادگار اور غیر معمولی کارناموں کا جشن منانا ہے اور نیویارک کے ساحل پر مجسمہ آزادی کی پینٹنگ کے ذریعے یہ ریکارڈ بنانا ایک بہترین انتخاب تھا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ