جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے وفد کی جرمن رکن پارلیمنٹ مائیکل ڈونتھ سے ملاقات

تازہ ترین
ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے وفد کی جرمن رکن پارلیمنٹ مائیکل ڈونتھ سے ملاقات

ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کے سرپرستِ اعلیٰ سید خرم شاہ اور وائس چیئرمین رانا حسن نے رکن جرمن پارلیمنٹ مائیکل ڈونتھ اور معروف بزنس مین مارکوس ٹائنو ایگر سے ایک اہم ملاقات کی۔

اس موقع پر پاک جرمن تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی دوستی پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل اور مستقبل میں مشترکہ سماجی و کاروباری تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اور کمیونٹی کے اندر خود احتسابی کے نظام کو فروغ دینے کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔ اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کمیونٹی کی ترقی اتحاد اور مثبت تشخص کے لیے ضروری ہے کہ ہر فرد اور ادارہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ مائیکل ڈونتھ جرمن پارلیمنٹ میں اہم پارلیمانی ذمہ داریاں ادا کرنے کے ساتھ اکثر اسپیکر کے فرائض بھی انجام دیتے ہیں۔ سید خرم شاہ اور مائیکل ڈونتھ کے درمیان تقریباً 25 سال پرانی دوستانہ وابستگی ہے اور دونوں کا تعلق بھی ایک ہی جرمن علاقے سے ہے۔

اس موقع پر اس بات کا اظہار بھی کیا گیا کہ اس طرح کی ملاقاتیں اور باہمی روابط پاکستان کے وسیع تر قومی مفاد میں نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کے ذریعے نہ صرف پاکستان اور یورپی ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ مل سکتا ہے بلکہ پاکستانی اور یورپی کمیونٹی کے درمیان کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن ایک غیر سیاسی سماجی تنظیم ہے، جس کے قیام کا بنیادی مقصد سیاسی وابستگیوں اور اختلافات سے بالاتر ہو کر کمیونٹی کی فلاح و بہبود، سماجی خدمت، باہمی اتحاد، پاک جرمن و پاک یورپ تعلقات کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت اور روشن چہرہ اجاگر کرنا ہے۔

یہ تنظیم اس سوچ کے تحت کام کر رہی ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ایک مؤثر پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے، ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی کوششیں کی جائیں اور یورپی معاشرے میں پاکستان اور پاکستانیوں کے مثبت کردار کو نمایاں کیا جائے۔

فیڈریشن کا یقین ہے کہ باہمی رابطوں، مثبت مکالمے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے پاکستان اور یورپی ممالک کے درمیان دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، پارلیمنٹیرینز، سماجی رہنماؤں، اسکول کالجز و یونیورسٹیز کے اسٹوڈنٹس اور کاروباری شخصیات کے ساتھ روابط کو فروغ دے رہی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ