جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی قیادت کا چیف جسٹسز کو خط، عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا مطالبہ

تازہ ترین
کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی قیادت کا چیف جسٹسز کو خط، عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا مطالبہ

فائل فوٹو۔

کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید پی ٹی آئی قیادت نے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط تحریر کیے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید نے اپنے مشترکہ خط میں کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو بغیر ٹھوس شواہد کے مقدمات اور سزاؤں کا سامنا ہے۔

خط کے متن کے مطابق کسی سیاسی رعایت یا خصوصی سلوک کا مطالبہ نہیں، آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں، عدالتیں فوری انصاف فراہم نہیں کرسکتیں تو کم از کم اپنے احکامات پر عملدرآمد تو یقینی بنائیں، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جسمانی اور ذہنی صحت سے متعلق سنگین تحفظات ہیں۔

متن کے مطابق سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026 کو بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے، طبی معائنے کیلئے ماہر امراض قلب اور آنکھوں کے ڈاکٹر پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا گیا تھا۔

خط کے مطابق سپریم کورٹ کے واضح حکم کے باوجود بانی کو اسپتال منتقل نہیں کیا گیا، چیف جسٹس پاکستان کیجانب سے ملک میں جیل اصلاحات کیلئے قومی سطح پر اقدامات کا حوالہ بھی خط میں شامل ہے۔

اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جیل اصلاحات کا مقصد قیدیوں کے حقوق، انسانی وقار کی بحالی اور احتساب کو یقینی بنانا ہے، سابق وزیراعظم کے آئینی حقوق اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہ ہونا جیل اصلاحات کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے۔

خط کے متن کے مطابق جیل کی دیواروں کے پیچھے بھی شہریوں کے آئینی حقوق ختم نہیں ہوتے، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو فوری طبی سہولیات، ڈاکٹروں تک رسائی اور علاج فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بانی اور بشریٰ بی بی کے طبی معائنے اور فالو اَپ علاج میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔

اس میں اپیل کی گئی کہ بانی کے اہلخانہ، وکلا اور بیٹوں سے ملاقاتوں کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ قید سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے زیرالتوا مقدمات اور اپیلوں پر غیرجانبدارانہ اور فوری فیصلے کیے جائیں، سیاسی اور انتظامی مداخلت سے پاک عدالتی کارروائی یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

خط میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ عدالتی احکامات کی دانستہ خلاف ورزی کرنے والوں کا احتساب کیا جائے اور عدلیہ کی آزادی، وقار اور آئینی اختیار کا تحفظ یقینی بنایا جائے، انصاف میں تاخیر ہو رہی ہے تو کم از کم عدلیہ اپنے احکامات پر عملدرآمد تو کروائے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ