پنجاب، سندھ اور کے پی کا انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس غیر آئینی قرار

فائل فوٹو
وفاقی آئینی عدالت نے پنجاب، سندھ اور کے پی کا انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس غیر آئینی قرار دے دیا۔
اپنے فیصلے میں وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ سیس عائد کرنا صوبوں کے آئینی اختیار سے باہر ہے، درآمد و برآمد کنندگان اور صنعتکاروں نے سیس کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔
درخواست گزاروں نے موقف اپنایا کہ سیس دراصل برآمدی ڈیوٹی ہے جو صرف وفاق عائد کر سکتا ہے۔
سندھ اور پشاور ہائیکورٹس نے سیس برقرار رکھا تھا، آئینی عدالت نے معاملہ حتمی طور پر طے کردیا۔
ایف بی آر کے وکیل حافظ احسان نے وفاقی آئینی عدالت میں دلائل دیے کہ سیس خصوصی محصول ہے جو صوبے اپنی حدود سے گزرنے والے درآمدی و برآمدی سامان پر وصول کر رہے تھے، صوبائی حکومتیں اسے سڑکوں اور انفرااسٹرکچر کی دیکھ بھال کا محصول قرار دیتی تھیں، اس سیس سے مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان کی پیداواری لاگت میں بھاری اضافہ ہورہا تھا۔
وکیل ایف بی آر نے کہا کہ بڑھتی لاگت کے باعث پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں مہنگی اور برآمد کنندگان مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو رہے تھے، پاکستانی صنعت کا نقصان، خطے کے حریف ممالک کے صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کا فائدہ ہو رہا تھا، آئینی عدالت کے فیصلے سے یہ بوجھ ختم، کاروباری لاگت میں نمایاں کمی آئے گی، کم لاگت کے ساتھ پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی اور خطے میں بھرپور مقابلہ کر سکیں گی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ