پاکستان عالمی امن، اقوام متحدہ کے امن مشنز میں فعال کردار ادا کر رہا ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے یورپی پارلیمنٹ برسلز میں منعقدہ ’’شومان سیکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں ایک فعال اور مؤثر کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ عالمی امن کے لیے اجتماعی شعور، مشترکہ حکمت عملی اور باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے۔
وزیر دفاع نے کہا گزشتہ سات دہائیوں کے دوران پاکستان کے 2 لاکھ 37 ہزار اہلکار اقوام متحدہ کے 48 امن مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ عالمی امن کے قیام کی کوششوں میں 183 پاکستانی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پاکستان کی یہ قربانیاں عالمی امن کے لیے ملک کی خدمات کا واضح ثبوت ہیں۔
خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اچانک کمی انسانی سلامتی کے خطرات میں مزید اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔ امن مشنز کے مینڈیٹ کو حقیقت پسندانہ، مناسب وسائل سے آراستہ اور دیرپا سیاسی حل کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ امن مشنز کے مینڈیٹ کی تشکیل میں فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو مؤثر نمائندگی دی جانی چاہیے تاکہ زمینی حقائق اور عملی مشکلات کو بہتر انداز میں مدنظر رکھا جا سکے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ امن محض جنگ نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ پائیدار استحکام کے لیے انسانی سلامتی کو ترجیح دینا ضروری ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوری جیسے عوامل دنیا بھر میں تنازعات کو مزید شدت دے رہے ہیں، جبکہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے براہ راست متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عالمی امن کے قیام کے لیے دیرینہ تنازعات کا بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور موسمیاتی تبدیلی و ترقیاتی شعبوں سے متعلق عالمی وعدوں کی تکمیل بھی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک جامع، مؤثر اور مضبوط کثیرالجہتی عالمی نظام کے قیام کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
وزیر دفاع نے اپنے خطاب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر انسانی وقار، انصاف، باہمی تعاون اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ