کراچی: ڈکیتی اور دو افراد کا قتل، ملزم کو سزائے موت و جرمانے کی سزا سنا دی گئی

فائل فوٹو۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کراچی شرقی نے بلڈر کی کیش وین میں ڈکیتی اور سیکیورٹی گارڈ سمیت دو افراد کے قتل کے مقدمہ میں جرم ثابت ہونے پر ملزم فرخ کو سزائے موت اور جرمانے کی سزا سنا دی۔
جج عزیز الرحمان جونیجو نے کہا فرانزک رپورٹ میں جائے وقوعہ سے ملنے والے خول برآمد اسلحہ سے میچ ہوئے۔
پراسیکیوٹر کے مطابق نجی بلڈر کی گاڑی ستمبر 2024 میں منگھوپیر سے گلشن جمال ہیڈ آفس جا رہی تھی، راشد منہاس روڈ پر چار ملزمان نے گاڑی کو روک کر فائرنگ کی۔
پراسیکیوٹر کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ خاور اور راہگیر عبدالوحید جاں بحق ہوئے۔
پراسیکیوٹر کے مطابق ملزمان گاڑی سے ڈھائی لاکھ نقدی، اسلحہ اور دستاویز چھین کر فرار ہوئے۔ پولیس سے مقابلے میں ایک ملزم ہلاک دو گرفتار ہوئے تھے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ