جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکا نے حزب اللہ سے مبینہ تعلق پر تین لبنانی شہریوں پر پابندیاں لگا دیں

تازہ ترین
امریکا نے حزب اللہ سے مبینہ تعلق پر تین لبنانی شہریوں پر پابندیاں لگا دیں

فائل فوٹو

امریکا نے لبنانی تنظیم حزب اللہ سے مبینہ تعلق پر تین لبنانی شہریوں پر پابندیاں لگا دیں، امریکی محکمہ خزانہ نے اس حوالے سے تفصیلات جاری کر دیں، پابندیوں میں لبنانی شہری عفیف چومان، حسن کیچن اور ابراہیم کیچن شامل ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ تینوں لبنانی شہریوں پر حزب اللہ کی مالی اور عملی معاونت کا الزام ہے۔

ترکیہ کے شہر استنبول میں قائم سنکاری گولڈ کمپنی پر بھی پابندیاں لگا دی گئیں، سنکاری گولڈ ترکیہ میں سونے، زیورات اور قیمتی دھاتوں کی تجارت کرتی ہے، یہ کمپنی لبنانی شہری حسن کیچن کے زیر کنٹرول ہے۔

نئی پابندی فہرست میں کسی ترک شہری کو پابندیوں کا نشانہ نہیں بنایا گیا، لبنان کی گولڈ گلوبل کمپنی کو بھی حزب اللہ سے تعلق کے الزام میں پابندیوں کا سامنا ہے۔

امریکا نے لبنان کی فلاحی تنظیم وا تعاون کو بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا، فلاحی تنظیم وا تعاون امداد کی آڑ میں حزب اللہ کی مدد کرتی تھی، لبنانی شہری عفیف چومان اس تنظیم کا بانی ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ حسن اور ابراہیم کیچن ایران سے حزب اللہ کو رقوم پہنچاتے تھے، پابندیوں کے تحت نامزد افراد اور اداروں کے امریکا میں اثاثے منجمد ہوں گے، امریکی شہریوں اور اداروں کو پابندیوں میں شامل افراد سے مالی لین دین کی اجازت نہیں ہوگی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ