کراچی ایئر پورٹ کی پارکنگ میں لفٹنگ کے دوران ہائبرڈ گاڑی میں آگ لگ گئی

کراچی ایئر پورٹ کی پارکنگ میں لفٹنگ کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی ہائبرڈ کار جل کر خاک ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی پارکنگ میں کار میں آگ لگنے کا واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا، جناح ٹرمینل آنے والے شخص نے مبینہ طور پر کار نو پارکنگ میں پارک کی تھی۔
جناح ٹرمینل پر پارکنگ کا انتظام چلانے والی نجی کمپنی نو پارکنگ پر کھڑی گاڑیوں کو لفٹر کے ذریعے اٹھا کر بھاری جرمانے وصول کرتی ہے، اس کمپنی کے لفٹر آپریٹر نے جیسے ہی کار کو اٹھایا تو کار کے اندر آگ بھڑک اٹھی تاہم اس دوران لفٹر ڈرائیور جلتی کار کو دیگر گاڑیوں سے بچا کر پارکنگ کے سنسان مقام تک پہنچانے میں کامیاب ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق جب تک ایئر پورٹس اتھارٹی کے فائر فائٹرز پہنچتے قیمتی کار مکمل طور پر جل چکی تھی۔
عینی شاہدین نے جیو نیوز کو بتایا کہ جلنے والی کار ہائبرڈ تھی، لفٹنگ کے وقت اس کی وائرنگ شارٹ ہو گئی اور کار کی حساس بیٹریوں نے آگ پکڑ لی جبکہ ایئر پورٹ حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ گاڑی کو لفٹنگ کے دوران لگی۔
ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے لفٹر آپریٹر غیر تربیت یافتہ ہیں جس کی وجہ سے لفٹنگ کے دوران اکثر گاڑیوں کو نقصان پہنچتا رہتا ہے جبکہ ذرائع نے الزام لگایا کہ بھاری جرمانے کی وصولی کے لیے غیر ضروری طور پر بھی گاڑیوں کو اٹھایا جاتا ہے۔
دوسری جانب اطلاع ملی ہے کہ کار مالک نے نجی کمپنی پر نقصان کا دعویٰ کر دیا ہے۔
اس معاملے پر پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ، جناح ٹرمینل کی پارکنگ میں کار میں آگ لگنے کے واقعہ سے باخبر ہیں، یہ نقطہ توجہ طلب ہے کہ آگ کار لفٹنگ کے دوران لگی یا بعد میں۔
ترجمان پی اے اے کا کہنا ہے کہ گاڑی جلنے کا معاملہ بنیادی طور پر کار مالک، پارکنگ کی ٹھیکے دار کمپنی اور پولیس کے درمیان ہے، پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہی ہے جس کے لیے جناح ٹرمینل کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ