امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا: ٹرمپ کا سہ فریقی ملاقات میں اظہارِ خیال

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی و چینی ہم منصب کے ساتھ ہونے والی سہ فریقی ملاقات کے دوران واضح کیا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کا کہنا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے تینوں عالمی و جوہری طاقتیں مل کر کام کر سکتی ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمارا باہمی تعاون انتہائی اہم ہے، ہم ایران کے معاملے میں بھی یہی کر رہے ہیں، ہم ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔
ایرانی جوہری تنصیبات کے معائنے کیلئے روس، چین، ایران کی نئی شرائط پیش
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا، روس اور چین کو اپنے جوہری ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی لانے اور ان ہتھیاروں کے استعمال کے خطرات کم کرنے کے حوالے سے بات چیت کے لیے ایک منفرد حیثیت حاصل ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ امریکا، چین اور روس بڑی عالمی طاقتوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی حیثیت سے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں اور عالمی امن و استحکام برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی کہا کہ تینوں ممالک کے مفادات علاقائی تنازعات کے حل میں مشترک ہیں، جن میں یوکرین کی جنگ بھی شامل ہے۔
انہوں نے اقتصادی تعلقات، غذائی اور توانائی کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کو بھی تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات کے اہم شعبے قرار دیا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ