جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر کینیا کی میراتھون رنر پیریز جیپچرچر پر تین سال کی پابندی عائد

تازہ ترین
ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر کینیا کی میراتھون رنر پیریز جیپچرچر پر تین سال کی پابندی عائد

فوٹو: فائل

ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر افریقی ملک کینیا کی میراتھون رنر پیریز جیپچرچر پر تین سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق پیریز جیپچرچر سے سڈنی میراتھون 2026 کا ٹائٹل بھی واپس لے لیا گیا۔ پیریز جیپچرچر کا سڈنی میراتھون سے قبل لیا گیا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

کینین ایتھلیٹ کے نمونے میں ممنوعہ دوا ای پی او کی موجودگی پائی گئی ہے۔ پیریز جیپچرچر کا ڈوپ ٹیسٹ اگست میں سڈنی روانگی سے قبل کینیا میں لیا گیا تھا۔

ایتھلیٹکس انٹیگریٹی یونٹ نے پیریز جیپچرچر پر تین سال کی پابندی کی تصدیق کردی۔

یونٹ کا کہنا ہے کہ پیریز جیپچرچر نے ابتدائی طور پر ممنوعہ دوا کے استعمال سے انکار کیا تھا، تاہم بعد میں کینین ایتھلیٹ نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی تسلیم کرلی۔

پیریز جیپچرچر اولمپک اور عالمی چیمپئن ہونے کے ساتھ چار ورلڈ میراتھون میجرز جیت چکی ہیں۔ پیریز نے نیویارک، بوسٹن، لندن اور سڈنی میراتھون میں کامیابیاں حاصل کی تھیں۔

پیریز جیپچرچر کی نااہلی کے بعد آئرین چیپٹائی سڈنی میراتھون 2026 کی فاتح قرار دے دیے گئے۔

تاہم یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ پیریز جیپچرچر کا سڈنی میراتھون کے روز لیا گیا ڈوپ ٹیسٹ منفی آیا تھا۔

ایتھلیٹکس انٹیگریٹی یونٹ کا کہنا ہے کہ مقابلوں سے قبل ڈوپ ٹیسٹنگ شفاف کھیل کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہے۔

خیال رہے کہ کینیا کے 140 سے زائد ایتھلیٹس کو 2017 سے ڈوپنگ خلاف ورزیوں پر سزائیں دی جاچکی ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ