صوبوں سے متعلق فیصلے سڑکوں پر نہیں، پارلیمنٹ میں ہونے ہیں، شرجیل میمن

شرجیل میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ صوبوں سے متعلق فیصلے سڑکوں پر نہیں، پارلیمنٹ میں ہونے ہیں، تمام جماعتوں سے گزارش ہے ایسے احتجاج نہ کریں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ فیصلے سڑکوں پر نہیں ایوانوں میں ہوں گے، چار رکنی کمیٹی آج ہی ایم کیو ایم اور قوم پرست جماعت سے رابطہ کرے گی، سندھ حکومت نے 29 نومبر کو کسی بھی جماعت کو ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ 29 نومبر کو ایک نیشنلسٹ پارٹی نے احتجاج کا اعلان کررکھا ہے، ایم کیو ایم نے کہا کہ 29 نومبر کو صوبے کے حق میں اسی جگہ احتجاج کریں گے، ماضی میں کراچی میں ایسے فسادات ہوچکے ہیں۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے دونوں جماعتوں سے رابطہ کریں گے اور منع کیا جائے گا کہ احتجاج نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی سب سے بڑا اور پاور فل فورم ہے، صوبوں سے متعلق فیصلے سڑکوں پر نہیں، پارلیمنٹ میں ہونے ہیں، تمام جماعتوں سے گزارش ہے کہ ایسے احتجاج نہ کریں، چار رکنی کمیٹی بنائی ہے جو آج ہی ایم کیو ایم اور نیشنلسٹ پارٹی سے رابطہ کرے گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ آپ نے جو بات کرنی ہے آپ سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے کرلیں، سندھ حکومت نہیں چاہتی کہ کسی بھی قسم کی کشیدگی ہو، ہر شخص اپنی رائے رکھ سکتاہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ زمانہ یاد ہے جب متحدہ قومی موومنٹ کراچی میں 30، 30 لاشیں گراتی تھی، یہی ایم کیو ایم کے لوگ ٹاک شوز میں بیٹھ کر اس کا دفاع کر رہے ہوتے تھے، میں نہیں کہہ رہا مگر مصطفیٰ کمال نے خالد مقبول صدیقی کو را کا ایجنٹ قرار دیا، مصطفیٰ کمال آج بولو کہ آپ نے اس وقت جھوٹ بولا تھا، اگر یہ بات ٹھیک تھی تو آپ آج را کے ایجنٹ کی چیئرمین شپ میں ہو۔
شرجیل میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے کسی پر تنقید نہیں کی، ن لیگ وفاقی وزیر عطا تارڑ نے سسٹم ری سیٹ کی بات کی، اب وہ کیا یہ چاہتے ہیں کہ کوئی اس پر رائے بھی نہیں دے، گزشتہ روز بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ وہ کوئی دھمکی نہیں دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کبھی ہتھیار نہیں اٹھاتی، کبھی انتشار اور تشدد کی بات نہیں کرتی، چیئرمین بلاول نے اپنے خدشات پر بات کی، ان کی بات کو غلط انداز میں نہ لیا جائے، پیپلز پارٹی کے موقف میں نہ پہلے کبھی تلخی تھی نہ اب تلخی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ شہید بی بی کے وژن کے مطابق ٹریننگ دے رہے ہیں، لوگوں کو سولر پینل لگانے اور ای وی سے متعلقہ تربیت دی جا رہی ہے، تھرکول منصوبہ شہید بی بی نے شروع کیا، پی ایم ایل این حکومت نے اس پر کام بند کروادیا، 2008 میں صدر زرداری نے منصب سنبھالنے کے بعد دوبارہ اس پر کام شروع کروایا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تھر کا کوئلہ وقت پر نہ نکالنا ایک مجرمانہ غفلت تھی، تھر کا کوئلہ نکالنے کیلئے سندھ حکومت ایک ارب ڈالر خرچ کر چکی ہے، جو بجلی پیدا ہو رہی ہے وہ قومی گرڈ میں جا رہی ہے، جس طریقے سے مینگروز لگائے گئے پاکستان کو کاربن کریڈٹس کی مد میں ادائیگی بھی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے پہلے سندھ حکومت نے ای وی بسیں شروع کیں، خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے حکومت سندھ مفت اسکوٹیز فراہم کررہی ہے، سندھ حکومت نے سولر پارکس بنائے، جھمپیر ونڈ انرجی بھی ایک مثال ہے، لاکھوں گھروں کو سندھ حکومت نے مفت سولر پلیٹس، پنکھے اور لائٹس فراہم کیں، دیہی علاقوں میں 16 سے 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، کےالیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کی نااہلی ہے، جن کو بجلی ملتی ہے وہ بھی اتنی مہنگی ہے کہ لوگ بجلی کا بل نہیں بھر پا رہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ