جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونا ہے یا نہیں، فیصلہ پارلیمانی قیادت کرے گی: عامر ڈوگر

تازہ ترین
انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونا ہے یا نہیں، فیصلہ پارلیمانی قیادت کرے گی: عامر ڈوگر

فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہیب عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ ہم نے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونا ہے یا نہیں ہونا اس کا فیصلہ پارلیمانی قیادت کرے گی۔

طارق فضل چوہدری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کو جو انتخابی اصلاحات کیلئے خط لکھا گیا تھا اس سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔

عامر ڈوگر کے مطابق طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی طرف سے جو ناموں کی لسٹ ہے وہ فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کو بتایا ہے کہ یہ فیصلہ ہم نے اپنی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کرنا ہے۔ ہماری پارلیمانی پارٹی کا اجلاس گزشتہ پیر کو ہونا تھا لیکن نہیں ہوسکا۔

پی ٹی آئی چیف وہیب کا کہنا تھا کہ ہم نے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونا ہے یا نہیں ہونا اس کا فیصلہ پارلیمانی قیادت کرے گی۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے چیف جسٹس صاحبان کو لکھے گئے خط پر بھی پارلیمانی پارٹی میں بات ہوگی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ماضی میں کئی مرتبہ چھوٹے صوبوں کی بات کی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ