جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اینویڈیا کے سابق اعلیٰ عہدیدار کی اہلیہ پر چپ اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا الزام

تازہ ترین
اینویڈیا کے سابق اعلیٰ عہدیدار کی اہلیہ پر چپ اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا الزام

اینویڈیا کے سابق اعلیٰ عہدیدار جے پوری اپنی اہلیہ کے ہمراہ---فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا

امریکی سرمایہ کاری تحقیقاتی ادارے ’مڈی واٹرز‘ نے اینویڈیا کے سابق اعلیٰ عہدیدار جے پوری کی اہلیہ کے ممکنہ تعلقات پر سوالات اٹھا دیے۔

مڈی واٹرز کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جے پوری کے ساتھ مختلف تقریبات میں نظر آنے والی خاتون سینلی چن وہی سابق عہدیدار ہو سکتی ہیں جن کا نام سپر مائیکرو کمپیوٹر کے خلاف چین کو چپس کی غیر قانونی فروخت کے مقدمے میں سامنے آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جے پوری رواں سال جون تک اینویڈیا میں عالمی فروخت کے شعبے کے ایگزیکٹیو نائب صدر تھے اور کمپنی میں چیف ایگزیکٹیو جینسن ہوانگ اور مالیاتی سربراہ کولیٹ کریس کے بعد تیسرے اہم ترین عہدیدار سمجھے جاتے تھے، وہ عہدہ چھوڑنے کے باوجود کمپنی کے سینئر مشیر ہیں۔

مڈی واٹرز نے 2024ء سے 2026ء کے دوران جے پوری کے ساتھ مختلف تقریبات میں لی گئی تصاویر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان تصویروں میں موجود خاتون کو بعض مقامات پر سینلی چن اور بعض جگہ سینلی پوری کے نام سے شناخت کیا گیا ہے۔

ٹرمپ کی حمایت بھی کام نہ آئی، اینویڈیا کا جینسن ہوانگ کی واپسی کے امکان پر غور کرنے سے انکار

ادارے نے یہ تصدیق بھی طلب کی ہے کہ آیا سینلی پوری سپر مائیکرو کی سابق عہدیدار سینلی چن ہی ہیں تاہم ادارے کو متعلقہ کمپنی سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔

اکتوبر میں دائر کیے گئے مقدمے میں سپر مائیکرو کی سابق چیف گروتھ آفیسر سینلی چن پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ اینویڈیا سے گرافکس چپس کی خریداری اور صارفین میں ان کی تقسیم کی ذمے دار تھیں۔

اینویڈیا کے سابق ملازمین کے مطابق انہیں چین اسمگل کی جانے والی چپس کے معاملے کا علم تھا تاہم ان الزامات کی عدالتی طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے اور تاحال سینلی چن پر کسی حکومت نے بھی فوجداری الزام عائد نہیں کیا ہے۔

مڈی واٹرز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ رواں سال امریکی حکام نے سپر مائیکرو سے منسلک 3 افراد پر جنوب مشرقی ایشیاء کی ایک فرضی کمپنی کے ذریعے چین کو تقریباً 2.5 ارب ڈالرز مالیت کے اینویڈیا چپس سے لیس سرورز غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا الزام عائد کیا تھا، ان میں سے ایک ملزم اعترافِ جرم کر چکا ہے، دوسرے نے صحتِ جرم سے انکار کیا ہے جبکہ تیسرا مفرور بتایا جاتا ہے۔

مڈی واٹرز نے اینویڈیا کے حصص کی قیمت میں کمی پر سرمایہ کاری کر رکھی تھی تاہم ادارے نے کہا ہے کہ وہ (مڈی واٹرز) مالی و قانونی خطرات سے بچنے کے لیے اینویڈیا کے حصص کی مختصر فروخت سے متعلق اپنی بیشتر یا تمام سرمایہ کاری واپس لینے کا ارادہ رکھتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ