137 ملین ویوز نے 2 سالہ بچے کی قسمت بدل دی، گریجویشن تک مفت تعلیم کا تحفہ

چشمہ لگا کر منفرد انداز میں پوز دینے والا بھارتی بچہ سوشل میڈیا پر چھا گیا، معروف گاڑی ساز کمپنی کے ایک شوروم مالک نے تمام تعلیمی اخراجات اٹھانے کا وعدہ کر لیا۔
بھارتی ریاست مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے 2 سالہ رودرانش سنگھ ٹھاکر کی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی جسے اب تک 137 ملین سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رودرانش 9 نومبر کو اپنے والدین اور بڑی بہن کے ہمراہ نیا اسکوٹر لینے شوروم پہنچا تھا جہاں چشمہ پہنے اور ہاتھ جیبوں میں ڈالے اس کے منفرد انداز میں پوز دینے کی ویڈیو بنائی گئی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور اس پر 68 ہزار سے زائد تبصرے بھی کیے گئے۔
ویڈیو نے متعلقہ گاڑی ساز کمپنی کے مالک کی بھی توجہ حاصل کر لی۔
شوروم کے مالک نے بچے اور اس کے اہل خانہ کو مدعو کرکے اعلان کیا کہ میں رودرانش کی محبت میں اس کے کے جی ون سے گریجویشن تک تعلیم کے تمام اخراجات برداشت کرنے کے لیے تیار ہوں۔
منفرد مقابلہ: بھارتی خاتون 60 دن سو کر 28 لاکھ روپے جیت گئی
رودرانش کی والدہ نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی جانب سے میرے بیٹے کو ملنے والی محبت اور اس کے مستقبل کے لیے تعاون میرے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
اپنے پراعتماد انداز اور منفرد پوز کی وجہ سے رودرانش کو سوشل میڈیا صارفین نے ’آورا کِڈ‘ کا نام دیا ہے جبکہ بعض صارفین اسے ’ننھا ڈان‘ اور کچھ نے مذاق میں کمپنی کا نیا چیئرمین بھی قرار دیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ