جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران کے خلاف مختصر فوجی کارروائی کے لیے نیتن یاہو کی کوششیں تیز

تازہ ترین
ایران کے خلاف مختصر فوجی کارروائی کے لیے نیتن یاہو کی کوششیں تیز

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو—فائل فوٹو

ایران کے خلاف مختصر فوجی کارروائی کے لیے نیتن یاہو نے کوششیں تیز کر دیں۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دے رہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف 4 سے 7 روزہ فضائی کارروائیوں میں اسرائیل کا ساتھ دیں۔

اسرائیلی انٹیلی جنس حکام نے بھی واشنگٹن پر زور دیا ہے کہ ایران کی جوہری اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے۔

ایرانی جوہری تنصیبات کے معائنے کیلئے روس، چین، ایران کی نئی شرائط پیش

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کے انتخابات کے بعد اسرائیل میں اپوزیشن جماعتیں مخلوط حکومت بنانے کی کوشش کر رہی ہیں تاہم نیتن یاہو اس پیشرفت کو روکنا چاہتا ہے۔

ایران کے خلاف دوبارہ جنگ چھڑنے سے اپوزیشن کی حکومت سازی کی کوششیں ناکام ہو سکتی ہیں اور نیتن یاہو کی شمولیت پر مشتمل قومی یکجہتی کی حکومت بنانے کا دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام واشنگٹن کو باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ایران نے اپنے میزائلوں اور ڈرونز کے ذخائر دوبارہ بڑھا لیے ہیں اور اُس کے پاس کیمیائی و حیاتیاتی ہتھیار بھی موجود ہیں، جنہیں ڈرونز کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

امریکی حکام کی اکثریتی رائے ہے کہ تہران اُن ہتھیاروں کو پیشگی حملوں کے بجائے دفاعی مقاصد اور دشمن کو حملے سے باز رکھنے کے لیے تیار کر رہا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ